ایپکس کمیٹی کا اجلاس، بلوچستان میں سیکیورٹی وترقیاتی اقدامات پر وزیراعظم کو بریفنگ

image

وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بلوچستان میں نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور گورننس کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بلوچستان میں سیکیورٹی اقدامات، انسدادِ دہشت گردی کی پیشرفت، ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ادارے بھرپور انداز میں متحرک ہیں۔

وزیراعظم نے انسدادِ دہشت گردی کے لیے پاک افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر اور سیکیورٹی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بلوچستان میں عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے بلوچستان کے رخشان ڈویژن میں فرنٹیئر کور کی تعیناتی کی ہدایت کی، جس کا مقصد معدنی وسائل کے تحفظ کے لیے ایک مربوط سیکیورٹی راہداری قائم کرنا ہے۔ اس منصوبے میں اضافی یونٹس، شاہراہوں پر چیک پوسٹس، سرویلنس نظام اور سرحدی پوسٹس شامل ہوں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال خطہ ہے اور وہاں محفوظ ماحول کی فراہمی ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلوچستان میں گورننس کی بہتری، ڈیجیٹائزیشن، کیش لیس اکانومی اور دیگر اصلاحات پر بھی پیش رفت جاری ہے۔ حکام نے بتایا کہ صوبے میں نومبر 2024 سے اب تک کوئی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا، جبکہ صحت کے متعدد منصوبے فعال ہوچکے ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ بلوچستان میں 99 فیصد اسکول فعال ہیں، جبکہ شمسی توانائی کے منصوبے کے تحت 15 ہزار سے زائد گھر مستفید ہو رہے ہیں، جس سے اربوں روپے کی بچت بھی ہوئی ہے۔

وزیراعظم نے بلوچستان میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود، روزگار کے مواقع، فنی تربیت، اسکالرشپس اور ڈیجیٹل اسکلز پروگرامز کو حکومت کی ترجیح قرار دیا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء، اعلیٰ عسکری و سول حکام سمیت مختلف اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US