کراچی: صرافہ بازار میں ایف بی آر کا چھاپہ، تاجر مشتعل

image

کراچی کے علاقے مٹھا در صرافہ بازار میں ایک اور جیولری شاپ پر حکام کی جانب سے کارروائی کی گئی، جہاں فیڈرل بورڈ آف ریونیو ایف بی آر کی پانچ رکنی ٹیم نے چھاپہ مارا۔

اس سے قبل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے شہر میں ایک سونے کی دکان پر کارروائی کے بعد اب فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے صرافہ بازار میں ایک جیولری آؤٹ لیٹ کا معائنہ کیا۔

ایف بی آر کی ٹیم، جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر کر رہے تھے، نے دکان کے اسٹاک، فروخت اور پیداواری ریکارڈز کا جائزہ لیا۔ ادارے کے مطابق یہ کارروائی باضابطہ لیٹر کی روشنی میں کی گئی۔

کارروائی کے دوران پہلے سے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کی کارروائیوں پر برہمی کا اظہار کرنے والے تاجروں نے ایف بی آر ٹیم کو گھیر لیا اور شدید احتجاج کیا، جس سے صورتحال کشیدہ ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق صرافہ بازار میں کشیدگی کے باعث کچھ دیر کے لیے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں، تاہم حکام صورتحال کو قابو میں لانے کی کوشش کرتے رہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US