پاکستانی روپے کی قدر میں ہر سال کمی کا سلسلہ تھم گیا اور مالی سال 2025-26 کے دوران تمام بڑی عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں روپے کی قدر میں واضح مضبوطی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان کے مطابق، ڈالر کی بلیک مارکیٹنگ کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن اور افغانستان سمیت دیگر ممالک میں ڈالرز کی اسمگلنگ اور فلائٹ کیپیٹل رکنے سے روپے پر مثبت اثرات مرتب ہوئے، جس کی بدولت پاکستانی روپے نے گزشتہ مالی سال بہترین کارکردگی دکھائی۔
مالی سال 2025-26 کے اعداد و شمار کے مطابق، امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی کی قیمت میں 5 روپے 60 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ، ایک سال کے دوران برطانوی پاؤنڈ روپے کے مقابلے میں 20 روپے 83 پیسے، اور یورپی کرنسی یورو 5 روپے 73 پیسے سستی ہوئی۔ خلیجی کرنسیوں کے مقابلے میں بھی روپیہ مستحکم رہا، جہاں متحدہ عرب امارات کا درہم 1 روپیہ 53 پیسے اور سعودی ریال پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں 1 روپیہ 60 پیسے سستا ہوا۔