نئے مالی سال سے گاڑیوں اور پراپرٹی ٹیکس کی نئی شرح نافذ

image

محکمہ ایکسائز نے نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ ہی گاڑیوں کی ٹرانسفر فیس، ٹوکن ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس کی نئی شرحوں کا نفاذ کرتے ہوئے وصولیوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

ایکسائز حکام کے مطابق 1001 سے 2000 سی سی تک کی گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ 2001 سی سی سے زائد گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس کی شرح میں 33 فیصد اضافہ نافذ کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پراپرٹی ٹیکس پر پہلے دی جانے والی 75 فیصد رعایت کو کم کرکے 50 فیصد کر دیا گیا ہے جبکہ رواں مالی سال کے لیے پراپرٹی ٹیکس وصولی کی شرح 25 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد مقرر کی گئی ہے۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق شہری مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس کی بروقت ادائیگی پر 10 فیصد رعایت حاصل کر سکیں گے، جبکہ پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی تین ماہ کے اندر کرنے والوں کو 5 فیصد رعایت دی جائے گی۔

ایکسائز حکام نے واضح کیا ہے کہ موٹر اور پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی صرف ای پے نظام کے ذریعے آن لائن ممکن ہوگی اور اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق نئے مالی سال کے دوران 124 ارب روپے کے محصولات جمع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے حصول کے لیے صوبہ بھر میں ٹیکس وصولی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US