وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے مالی سال 2025-26 کے لیے مقررہ نظرثانی شدہ سالانہ ریونیو ہدف کامیابی سے حاصل کرنے پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے ایک تاریخی کامیابی قرار دیا ہے۔
ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ کامیابی ٹیم ورک، مسلسل اصلاحات اور ایف بی آر کی قیادت اور فیلڈ فارمیشنز کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کی جانب سے بھی ایف بی آر ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی برسوں کے دوران پاکستان کی ریونیو وصولیوں میں تقریباً دوگنا اضافہ ہوا، جو ملکی مالیاتی تاریخ کی اہم ترین کامیابیوں میں سے ایک ہے۔ ان کے مطابق بہتر ریونیو کارکردگی اور محتاط مالی نظم و ضبط کے باعث پاکستان نے کم ترین مالیاتی خسارہ اور تاریخ کا بلند ترین پرائمری سرپلس حاصل کیا۔
وزیر خزانہ نے ان لینڈ ریونیو اور کسٹمز فارمیشنز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیرف میں نمایاں رعایتوں کے باوجود ایف بی آر نے ریونیو میں مضبوط اضافہ یقینی بنایا۔ انہوں نے مالی سال کے دوران 599 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی، جن میں مالی سال کے آخری روز جاری کیے گئے 13.5 ارب روپے بھی شامل ہیں، کو کاروباری برادری اور برآمد کنندگان کے لیے حکومت کے عزم کا مظہر قرار دیا۔
انہوں نے مالی سال 2025-26 کے وفاقی بجٹ کی تیاری کے دوران وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے درمیان مؤثر تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ ٹیکس پالیسی اور ٹیکس انتظامیہ کے درمیان ہم آہنگی نے پاکستان کی تاریخ کے ایک اہم اور ترقی پسند بجٹ کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کیا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکس نظام میں ریونیو وصولی کے ساتھ ساتھ ٹیکس دہندگان کو سہولیات کی فراہمی، شفافیت اور عوامی اعتماد کو بھی مرکزی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔ انہوں نے ٹیکنالوجی، آٹومیشن، مصنوعی ذہانت اور بہتر خدمات کے ذریعے ٹیکس نظام کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے وزیر خزانہ کی مسلسل معاونت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے درمیان قریبی تعاون نے بجٹ سازی اور مالیاتی چیلنجز سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے ایف بی آر میں جاری اصلاحاتی اور جدیدکاری کے اقدامات، مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام، کسٹمز اپ گریڈیشن اور استعداد کار بڑھانے کے پروگراموں پر بریفنگ دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد جاری رکھے گا۔
اجلاس کے اختتام پر وزیر خزانہ نے ایک بار پھر ایف بی آر کی پوری ٹیم کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ادارہ مستقبل میں بھی معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔