شوہر کی بے وفائی پر پہنے گئے شہزادی ڈیانا کے ’انتقامی لباس‘ کے پیچھے کیا کہانی تھی؟

شہزادی ڈیانا کا مشہور ’انتقامی لباس‘ تقریباً تین دہائیوں بعد دوبارہ نیلامی کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔ نیلام گھر سوتھبیز کو توقع ہے کہ نو دسمبر کو ہونے والی نیلامی میں یہ لباس تین لاکھ ڈالر تک میں فروخت ہو سکتا ہے۔

شہزادی ڈیانا کا پہنا ہوا وہ لباس، جسے ان کا ’انتقامی لباس‘ کہا جاتا ہے، نیلامی کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔

جس روز ان سے علیحدہ ہونے والے شوہر شہزادہ چارلس نے شادی شدہ زندگی کے دوران بے وفائی کا اعتراف کیا تھا، اسی شام شہزادی ڈیانا نے ایک تقریب کے لیے یہ بغیر پٹیوں والا سیاہ ریشمی لباس پہنا تھا۔

1994 میں جب وہ یہ لباس پہن کر سرپینٹائن گیلری گئیں، تو ان کی آمد ثقافتی تاریخ کا ایک یادگار لمحہ بن گئی تھی۔

نیلام گھر سوتھبیز کا اندازہ ہے کہ نو دسمبر کو نیلامی کے دوران یہ لباس دو لاکھ 20 ہزار پاؤنڈ (تین لاکھ ڈالر) تک میں فروخت ہو سکتا ہے۔ 1997 کے بعد یہ پہلا موقع ہو گا جب اس لباس کی نیلامی کی جا رہی ہے۔ اسی سال شہزادی ڈیانا نے اپنی وفات سے چند ماہ قبل فلاحی اداروں کے لیے فنڈز جمع کرنے کی غرض سے اپنے 79 لباس فروخت کیے تھے۔

سوتھبیز میں ہینڈ بیگز اور فیشن کی عالمی سربراہ مورگین حلیمی نے ایک بیان میں کہا کہ شہزادی ڈیانا ’فطری طور پر سمجھتی تھیں‘ کہ فیشن بھی اپنی ذات میں ایک زبان ہو سکتا ہے۔

انھوں نے کہا: ’شہزادی ڈیانا نے اپنی شرائط پر اس لباس کو اپنی زندگی کا طاقت ور ترین پیغام بنا دیا، ایسے وقت میں جب ان کی زندگی پر سب سے زیادہ نظر رکھی جا رہی تھی اور وہ ایک جذباتی دور سے گزر رہی تھیں۔

’وہ ایک ایسے لمحے میں سامنے آئیں جب ان کی زندگی کی کہانی دوسروں کی جانب سے بیان کی جا رہی تھی، اور اپنے لباس کے انتخاب کے ذریعے انھوں نے اپنی کہانی پر دوبارہ خود اختیار حاصل کر لیا۔‘

جس شام سرپینٹائن گیلری کی فنڈ ریزنگ تقریب تھی، ایک دستاویزی پروگرام نشر ہوا تھا جس میں پرنس آف ویلز (موجودہ بادشاہ) نے برسوں سے جاری افواہوں اور میڈیا رپورٹس کے بعد اعتراف کیا تھا کہ وہ ڈیانا کے ساتھ بے وفا رہے تھے۔

آئی ٹی وی کے اس انٹرویو کے مندرجات چند روز قبل ہی منظرِ عام پر آ چکے تھے۔ اسی وجہ سے پروگرام نشر ہونے کے بعد جب ڈیانا پہلی بار عوام کے سامنے آئیں تو اسے ان کے جواب کے طور پر دیکھا گیا۔

اُس وقت ان کی سٹائلسٹ اینا ہاروے کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ شہزادی ’بہت شاندار نظر آنا چاہتی تھیں۔‘

تقریب کے لیے روانہ ہونے سے قبل انھوں نے آخری وقت میں اپنا لباس تبدیل کیا اور کم نمایاں ویلنٹینو گاؤن کے بجائے یونانی ڈیزائنر کرسٹینا سٹیمبولیان کا تیار کردہ کندھوں سے کھلا لباس منتخب کیا، جس کے دامن کی تراش غیر متوازن تھی اور اس کے پیچھے شیفون کے کپڑے کی ایک لمبی لہراتی پٹی تھی۔ انھوں نے اس کے ساتھ ایک شاہی ہار اور سیاہ ہیلز پہنیں اور ہاتھوں میں سیاہ رنگ کا ہی بٹوا پکڑا۔

فروخت سے قبل اس ’انتقامی لباس‘ کو دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔ یہ 18 سے 24 ستمبر تک سوتھبیز کے لندن شو روم میں رکھا جائے گا، جس کے بعد اکتوبر کے آغاز میں ہانگ کانگ، نومبر کے آغاز میں جنیوا اور پھر نیو یارک لے جایا جائے گا، جہاں اس کی نیلامی ہو گی۔

اس لباس کی آخری بار نیلامی خود ڈیانا نے کروائی تھی، جب اسے کینسر اور ایڈز سے متعلق فلاحی اداروں کے لیے فنڈز جمع کرنے کی خاطر فروخت کی جانے والی درجنوں اشیا میں شامل کیا گیا تھا۔

یہ لباس اُس وقت گلاسگو میں مقیم بریج میکینزی اور ان کے شوہر گریم نے 39 ہزار 98 پاؤنڈ میں خریدا تھا۔

بریج میکینزی نے اُس وقت انڈیپنڈنٹ (اخبار) کو بتایا تھا کہ انھوں نے یہ لباس پہننے کے لیے نہیں خریدا تھا۔ ان کے الفاظ میں: ’میں اس میں سما نہیں سکتی‘ بلکہ اس لیے خریدا تھا کہ اس سے حاصل ہونے والی رقم فلاحی ادارے چلڈرن فرسٹ کو دی جا رہی تھی۔

جمعرات کو سوتھبیز کی جانب سے جاری ایک بیان میں میکینزی نے کہا: ’میرے شوہر اور میں جانتے تھے کہ یہ لباس غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔

’شہزادی ڈیانا اپنی زندگی کی بد ترین رات کا سامنا کرنے جا رہی تھیں اور انھیں دیکھ کر آپ اس بات کا اندازہ نہیں لگا سکتے تھے۔ تصویر کھینچے جانے کے چند لمحوں میں یہ لباس سے بڑھ کر ایک مؤقف بن گیا۔

’30 سال بعد بھی اگر آپ دنیا میں کہیں بھی اس لباس کا ذکر کریں تو لوگ فوراً سمجھ جاتے ہیں کہ آپ کس لباس کی بات کر رہے ہیں۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ اپنے شوہر کی وفات کے بعد انھوں نے یہ لباس فروخت کرنے کا فیصلہ کیا، اس کی بولی میں حصہ لینا ’ہم دونوں کی مشترکہ زندگی کے بہترین دنوں میں سے ایک تھا۔‘

diane revenge dress
Getty Images

سوتھبیز کے مطابق 1997 کی نیلامی کے کیٹلاگ کی ایک نایاب نقل بھی اس لباس کے ساتھ فروخت کی جائے گی، جس پر ڈیانا اور سٹیمبولیان کے دستخط موجود ہیں، اور جس میں لباس کی نیلامی کا خیال شہزادہ ولیم سے منسوب کیا گیا ہے۔

فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کا ایک حصہ این ایچ ایس لوتھیان چیریٹی کے ذریعے رائل ایڈنبرا ہسپتال کو عطیہ کیا جائے گا۔

وہ جیگوار ایکس جے 40 گاڑی، جس میں ڈیانا سرپینٹائن گیلری کی تقریب میں پہنچی تھیں، رواں سال کے آغاز میں 66 ہزار 250 پاؤنڈ میں نیلام ہوئی تھی۔

تاہم، توقع کی جا رہی ہے کہ یہ لباس کہیں زیادہ قیمت میں فروخت ہو گا، اگرچہ یہ پہلا موقع نہیں ہو گا جب شہزادی کے ملبوسات میں شامل کوئی شے غیر معمولی رقم میں نیلام ہوئی ہو۔

2023 میں نیو یارک میں سوتھبیز کی ایک نیلامی میں ڈیانا کا ایک سویٹر، جس پر سفید بھیڑوں کی قطاروں کے درمیان ایک سیاہ بھیڑ بنی ہوئی تھی، نو لاکھ 20 ہزار پاؤنڈ میں فروخت ہوا تھا۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US