پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی کاروبار کا اختتام مثبت زون میں ہوا، جہاں مسلسل تیسرے روز مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار رہا۔
ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس میں 1,800 سے زائد پوائنٹس کا نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا اور انڈیکس نے 185 ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور کی، تاہم فروخت کے دباؤ کے باعث یہ سطح برقرار نہ رہ سکی۔
کاروبار کے اختتام پر100 انڈیکس 471 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 184,521 پوائنٹس پر بند ہوا۔
بروکرز کے مطابق سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کے حصول کے لیے فروخت کا رجحان بڑھنے سے مارکیٹ کی تیزی محدود رہی۔ آج کی ٹریڈنگ میں آئل اینڈ گیس اور سیمنٹ سیکٹر کے شیئرز میں نمایاں خریداری دیکھی گئی، جبکہ بینکنگ سیکٹر کے شیئرز فروخت کے دباؤ کا شکار رہے۔