چین نے صرف 38 ماہ میں دنیا کا سب سے بڑا ریلوے اسٹیشن تعمیر کر کے انجینئرنگ کی دنیا میں ایک نیا سنگِ میل قائم کر دیا۔ چونگ چھنگ ایسٹ ریلوے اسٹیشن رقبے کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ریلوے اسٹیشن بن گیا ہے جسے جدید انفرااسٹرکچر کا شاہکار قرار دیا جا رہا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق یہ اسٹیشن 12 لاکھ 20 ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط ہے جو تقریباً 170 فٹ بال میدانوں کے برابر ہے۔ یہ اسٹیشن نیویارک کے گرینڈ سینٹرل اسٹیشن سے چھ گنا جبکہ یورپ کے سب سے بڑے ریلوے اسٹیشن لائپزگ ہاؤپٹ بانہوف سے 15 گنا بڑا ہے۔
چین کے جنوب مغربی شہر چونگ چھنگ میں واقع اس اسٹیشن میں 29 پلیٹ فارم، 15 ریلوے ٹریکس اور آٹھ منزلوں پر مشتمل جدید ڈھانچہ تعمیر کیا گیا ہے۔ اس کی چھت 16 ہزار 500 ٹن وزنی اسٹیل سے تیار کی گئی ہے، جبکہ 400 میٹر طویل پلیٹ فارم مصروف اوقات میں فی گھنٹہ 16 ہزار مسافروں کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اس عظیم منصوبے کی سب سے منفرد بات یہ ہے کہ اسے ایک پہاڑ کی چوٹی پر تعمیر کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے پہلے پہاڑ کو کاٹ کر اور دھماکوں کے ذریعے زمین کو ہموار کیا گیا، جس کے بعد تعمیراتی کام شروع ہوا۔
چینی میڈیا کے مطابق منصوبے کی تکمیل کے لیے 20 لاکھ مکعب میٹر کنکریٹ، 3 لاکھ 66 ہزار ٹن اسٹیل استعمال کیا گیا، جبکہ 40 ہزار سے زائد ورکرز اور جدید روبوٹک مشینری نے صرف 38 ماہ میں اس شاندار ریلوے اسٹیشن کی تعمیر مکمل کی۔