لارڈز میں رنز کی برسات، انگلینڈ کا ریکارڈ ٹوٹل اور روہت شرما کی یادگار سنچری کے باوجود انڈیا کی شکست

یہ کسی بھی ایک روزہ میچ میں دوسرا سب سے بڑا ہدف تھا جسے پورا کرنے کے لیے انڈیا کے بلے باز میدان میں اترے تو روہت شرما نے شاندار 138 رنز بنائے۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے لارڈز کے میدان میں اب تک کا ریکارڈ مجموعہ بنا کر انڈیا کو 27 رنز سے شکست دے کر سیریز بھی دو ایک سے اپنے نام کر لی ہے۔

383 رنز کے اس ریکارڈ ٹوٹل میں اوپنر بین ڈکٹ کا بھی ایک ریکارڈ شامل تھا جنھوں نے اسی میدان میں بہترین انفرادی سکور کرتے ہوئے 135 گیندوں پر 141 رن سکور کیے۔

اس سے پہلے لارڈز میں سب سے زیادہ سکور 1975 میں انگلینڈ نے انڈیا کے خلاف ہی بنایا تھا جب چار وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بنائے گئے تھے۔

حالیہ میچ کی خاص بات اوپنرز کی شراکت داری تھی جنھوں نے 192 رنز بنائے۔ جیکب بیتھل نے 91 رنز سکور کیے اور وہ 44ویں اوور میں آوٹ ہوئے۔

یہ 2019 کے بعد پہلا موقع تھا کہ پہلے 20 اوورز میں انگلینڈ کی ایک بھی وکٹ نہیں گری۔

ان کے بعد جو روٹ نے 48 گیندوں پر74 رنز بنا کر انگلینڈ کو پہاڑ جیسا ٹوٹل بنانے میں مدد دی۔ یہ جو روٹ کی چھٹی مسلسل نصف سنچری بھی تھی۔ جوس بٹلر نے صرف 13 گیندوں پر 41 رنز بنائے۔

یہ کسی بھی ایک روزہ میچ میں دوسرا سب سے بڑا ہدف تھا جسے پورا کرنے کے لیے انڈیا کے بلے باز میدان میں اترے تو روہت شرما نے ممکنہ طور پر اپنی آخری اننگز کھیلتے ہوئے شاندار 138 رنز بنائے۔

کہا جا رہا ہے کہ روہت شرما، جو 39 سال کے ہیں، اس سیریز کے بعد ریٹائر ہو سکتے ہیں۔ روہت نے شبمن گل کے ساتھ 147 رنز کی پارٹنر شپ میں انڈیا کو امید دلائی۔ خود شبمن گل 77 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

جب 38ویں اوور میں روہت شرما بھی آوٹ ہو گئے تو شاید میچ کا فیصلہ ہو چکا تھا۔ ان کے بعد وراٹ کوہلی سے ہی یہ امید کی جا سکتی تھی کہ وہ انڈیا کو فتح سے ہمکنار کرواتے۔ لیکن خود وراٹ بھی 74 رنز بنا کر اوٹ ہو گئے۔

انڈیا کے باقی بلے بازوں نے بھرپور کوشش جاری رکھی لیکن وہ 360 رنز ہی بنا پائے۔

یاد رہے کہ روہت شرما 514 ون ڈے کھیل چکے ہیں اور اس میچ میں انھوں نے 34ویں سنچری سکور کی۔

وراٹ کوہلی، جو 37 سال کے ہیں، شاید خود بھی لارڈز میں اپنی آخری ایک روزہ اننگز کھیل رہے تھے۔ انھوں نے اس میدان میں پہلی بار نصف سنچری بنائی ہے۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US