آباد ہاؤس کراچی میں منعقدہ تقریب سے چیف کراچی پولیس ایڈیشنل آئی جی آزاد خان، کمشنر کراچی حسن نقوی، چیئرمین آباد محمد حسن بخشی اور پیٹرن انچیف محسن شیخانی نے خطاب کیا۔
تقریب کے دوران چیئرمین آباد نے ملک میں 14 ملین مکانات کی کمی اور غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کرتے ہوئے تعمیراتی صنعت کے فروغ کے لیے امن و امان کی بحالی پر زور دیا۔
محسن شیخانی نے بلڈرز کو درپیش مسائل، زمینوں کی ڈیجیٹلائزیشن، اور فائرنگ و بھتہ خوری کی دھمکیوں کا ذکر کیا۔
جواب میں پولیس چیف آزاد خان نے بتایا کہ کراچی کا امن اولین ترجیح ہے اور پولیس نے جدید ذرائع سے آنے والی بھتہ خوری کی کالز پر مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 40 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا اور ریڈ وارنٹ جاری کیے ہیں، جس سے ماضی کے مقابلے میں بھتے اور زمینوں پر قبضوں کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔
کمشنر کراچی حسن نقوی نے اعتراف کیا کہ لینڈ ایلوکیشن اور ماسٹر پلان کی عدم موجودگی شہر کے بنیادی مسائل ہیں اور سندھ میں زمینوں کے ریکارڈ کی آٹومیشن اور ریونیو کے پرانے نظام کو اپ گریڈ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔