آزاد کشمیر انتخابات: بلاول بھٹو نے نتائج مسترد کر دیے

image

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے نتائج پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے بعض حلقوں میں دھاندلی کے الزامات عائد کیے ہیں۔

مظفرآباد کی کوٹلا وادی میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا، تاہم ان کے بقول اس عوامی مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میرپور کے عوام نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا اور ان کے ووٹ کا تحفظ پارٹی کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتخابی نتائج پر خاموش نہیں رہے گی نہ جھکے گی اور نہ ہی پیچھے ہٹے گی بلکہ اپنی تمام نشستوں کے حصول کے لیے آئینی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین کو شکست دینے کے لیے 10 پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کی گئی جبکہ ایک پارٹی کارکن کو فائرنگ کرکے شہید کیا گیا اور کارکنوں میں خوف و ہراس پھیلایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ قومی مفاد میں ریاست اور پاکستان کے ساتھ کھڑی رہی ہے، تاہم ان کے بقول ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بعض فیصلے قومی مفاد کے بجائے مسلم لیگ (ن) کے سیاسی مفاد کو مدنظر رکھ کر کیے جا رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد کشمیر کو کسی صورت مقبوضہ کشمیر نہیں بننے دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ قومی مفاد مقدم ہے یا کسی سیاسی جماعت کے مفادات کا تحفظ۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار آزاد کشمیر میں مرحلہ وار انتخابات کرانے کا مقصد پولنگ اسٹیشنز کو محفوظ بنانا بتایا گیا تاہم اس کے باوجود انتخابی عمل پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ چوہدری یاسین شہری حلقے سے کامیاب ہوں لیکن آبادی والے حلقے میں شکست کھا جائیں اس لیے ان کی جماعت انتخابی نتائج کے خلاف ہر آئینی اور قانونی فورم سے رجوع کرے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US