حکومت نے عمران خان کی اسپتال منتقلی کے عدالتی حکم پر نظرثانی درخواست دائر کردی

image

وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے 18 اگست کے عبوری حکم پر نظرثانی کے لیے درخواست دائر کردی۔

درخواست چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے ذریعے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی ہے۔ وفاقی حکومت نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سپریم کورٹ کا بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کرنے کا عبوری حکم عدالت کے اختیارِ سماعت سے تجاوز کرتا ہے، اس لیے اس پر نظرثانی ضروری ہے۔

درخواست کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو 5 اگست 2023 کو ایڈیشنل سیشن جج نے تین سال قید کی سزا سنائی تھی، جس کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی گئی۔ دورانِ سماعت بانی پی ٹی آئی نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 561-A کے تحت علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی استدعا کی، تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے 12 مارچ 2026 کو درخواست مسترد کردی، جس کے بعد معاملہ سپریم کورٹ پہنچا۔

وفاقی حکومت نے درخواست میں کہا ہے کہ قانون کے تحت بعض حالات میں کسی قیدی کو جیل سے باہر اسپتال منتقل کرنے کے لیے حکومت کی منظوری اور انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات کے ذریعے کارروائی ضروری ہے، جبکہ ایسے قیدی کی پولیس نگرانی بھی لازم ہوتی ہے۔

نظرثانی درخواست میں پاکستان پریزن رولز 1978 کے رول 197 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قیدی کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کا طریقہ کار قانون میں واضح طور پر موجود ہے۔

حکومت نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ آئین کا آرٹیکل 10-A منصفانہ ٹرائل اور قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کا حق فراہم کرتا ہے۔ درخواست کے مطابق معاملہ پہلی مرتبہ سپریم کورٹ کے سامنے آیا اور متعلقہ فریقین کو باقاعدہ نوٹس جاری نہیں کیے گئے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ باقاعدگی سے ہوتا رہا ہے اور میڈیکل بورڈ متعدد مرتبہ ان کا علاج کرچکا ہے۔ حکومت کے مطابق اسپتال منتقلی کا فیصلہ کرنے سے قبل طبی ماہرین کی رائے لینا ضروری تھا تاکہ یہ تعین کیا جاسکے کہ ان کی صحت کی صورتحال میں واقعی ایسی خرابی آئی ہے یا نہیں۔

وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ 18 اگست کے عبوری حکم پر نظرثانی کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم واپس لیا جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US