چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم دورے پر ایران پہنچ گئے، جہاں ان کی ایرانی حکام سے اہم ملاقاتیں جاری ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی بھی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ ایران گئے ہیں۔ تہران پہنچنے کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات کی، جس میں وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کا مقصد علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی اور سیاسی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے خاتمے اور کشیدگی کے حل کے لیے کوششوں کو مؤثر بنانے پر توجہ مرکوز کریں گے۔
ملاقاتوں میں خطے کی مجموعی صورتحال، امن و سلامتی اور باہمی تعاون سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔