آزاد کشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر انتخابات مکمل، ارکان نے حلف اٹھا لیا

image

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر انتخابات کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا۔ اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔

اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں میں خواتین کی 5 نشستوں پر مسلم لیگ ن کی سحرش قمر، مریم زمان اور مریم ادریس جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی فرزانہ یعقوب اور زوبیا خورشید کامیاب قرار پائیں۔

خواتین کی نشست پر زوبیا خورشید اور رفعت عابد نے برابر 5،5 ووٹ حاصل کیے جس کے بعد کامیابی کا فیصلہ قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا اور زوبیا خورشید کے نام قرعہ نکلا۔

علما و مشائخ کی مخصوص نشست پر مسلم لیگ ن کے پیر مظہر سعید شاہ، ٹیکنوکریٹ کی نشست پر بیرسٹر افتخار گیلانی جبکہ اوورسیز کشمیریوں کی نشست پر عبدالرحمان آرائیں کامیاب ہوئے۔

مخصوص نشستوں کے نتائج کے بعد آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مسلم لیگ ن کی نشستوں کی مجموعی تعداد 31 ہوگئی جبکہ عوامی دست و بازو کی ایک نشست پر مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحاد کے بعد حکومتی جماعت کے پاس 32 نشستیں ہوگئی ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی نشستوں کی تعداد 14 ہے۔

ایوان کی تشکیل مکمل ہونے کے بعد نومنتخب اراکین نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا اور یوں آزاد کشمیر میں حکومت سازی کا عمل مزید آگے بڑھ گیا۔

واضح رہے کہ پونچھ اور سدھنوتی میں انتخابات نہ ہونے کے باعث آزاد کشمیر اسمبلی کے 7 اراکین کے بغیر حکومت سازی کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US