ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی ہدایت پر 12 ربیع الاول کے جلوسوں اور اجتماعات کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
کراچی پولیس کے ترجمان کے مطابق شہر بھر میں سیکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر 4208 پولیس افسران اور جوان تعینات کیے جائیں گے۔
سیکیورٹی پلان کے تحت ساؤتھ زون میں 1702، ایسٹ زون میں 765، نشتر پارک میں 397 جبکہ شہر کے مختلف انٹری پوائنٹس پر 362 افسران اور اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔
پولیس چیف نے ہدایت جاری کی ہے کہ جلوس کے تمام راستوں پر پولیس مکمل الرٹ رہے، سیکیورٹی صورتحال کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مؤثر مانیٹرنگ کی جائے اور ٹریفک پولیس متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائے۔
کراچی پولیس کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن فضا کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔