ملک بھر میں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر مساجد، سرکاری و نجی عمارتوں، گلیوں، محلوں، چوکوں اور شاہراہوں کو برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے، جبکہ ملک بھر میں درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
دن کا آغاز نماز فجر کے بعد لاہور اور پشاور میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی جارہی ہیں۔
کراچی میں گلی گلی چراغاں کیا گیا ہے مختلف مقامات پر اسٹالز لگائے گئے ہیں جہاں موئے مبارک کی زیارت کے ساتھ مسجد نبوی ﷺ اور خانہ کعبہ کے ماڈلز بھی رکھے گئے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں محافل میلاد اور ریلیوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
لاہور میں مساجد، گھروں، سڑکوں اور سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جبکہ مختلف مقامات پر میلادالنبی ﷺ کی تقریبات اور محافل کا اہتمام کیا گیا ہے۔
پشاور میں بھی محافل نعت و میلاد کا انعقاد کیا جارہا ہے، جبکہ کوئٹہ میں چراغاں، محافل نعت اور جلوسوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھی جشنِ آمد رسول ﷺ کی خوشی میں جگمگا رہا ہے۔ مساجد میں خصوصی عبادات اور محافل کا اہتمام کیا گیا ہے۔
کراچی میں عید میلادالنبی ﷺ کا مرکزی جلوس دوپہر ڈھائی بجے شہید مسجد کھارادر سے برآمد ہوگا جو نیو میمن مسجد سے ہوتا ہوا عصر کے وقت گلزارِ حبیب مسجد پر اختتام پذیر ہوگا۔
ملک کے دیگر شہروں میں بھی عید میلادالنبی ﷺ کے جلوس نکالے جائیں گے۔ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر کراچی میں کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔