ایشین گیمز فائنل میں بھارت سے شکست کا دکھ اب بھی ہے، حسن نواز

image

ایشین گیمز کے فائنل میں بھارت کے خلاف 96 رنز بنانے والے پاکستان کے باصلاحیت بلے باز حسن نواز نے کہا ہے کہ فائنل میں بھارت سے ملنے والی 19 رنز کی شکست کا دکھ انہیں اب بھی محسوس ہوتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسن نواز کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف فائنل نہ جیت سکنے پر وہ مایوس اور رنجیدہ ہیں کیونکہ میچ کے دوران ہونے والی چھوٹی غلطیوں کی قیمت ٹیم کو چکانی پڑی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف کھیلنا ہمیشہ ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے، اپنی اننگز سے اطمینان تو ہوا لیکن میچ ہارنے کا افسوس برقرار ہے۔ حسن نے بتایا کہ وہ حساب کتاب کے مطابق بیٹنگ کر رہے تھے کیونکہ بھارتی ٹیم کے پاس ایک بولر کم تھا اور جسپریت بمراہ کا صرف ایک اوور باقی تھا، تاہم رن چیز کے دوران ہونے والی غلطیوں کی وجہ سے میچ ہاتھ سے نکل گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف ناکامی کے بعد انہیں ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا تھا، اسی لیے بھارت ہی کے خلاف اچھی اننگز کے ساتھ کم بیک کرنا ان کے لیے اطمینان بخش رہا۔ حسن نواز کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی بھارت کے خلاف ہمیشہ اپنی بہترین کوشش کرتے ہیں اور آئندہ غلطیوں سے سیکھ کر مزید بہتری لانے کی کوشش کریں گے۔

2024 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سنچری بنا کر ڈیبیو کرنے والے نوجوان بلے باز نے بتایا کہ وہ اپنے کھیل میں بہتری لانے کے لیے کلب اور گراس روٹ لیول کی کرکٹ کھیل رہے ہیں، کیونکہ وہاں کی سخت پچز اور بولنگ سے حاصل ہونے والا تجربہ انٹرنیشنل کرکٹ میں اعتماد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بطور پیشہ ور کرکٹر بہت آگے کی نہیں سوچتے اور فی الوقت ہوم وائٹ بال سیریز میں سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف اپنی بہترین فارم کو برقرار رکھنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US