پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے مصر میں 7 سے 12 دسمبر تک شیڈول ایف آئی ایچ یوتھ ہاکی فائیو ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، حالانکہ قومی ٹیم نے اس ایونٹ کے لیے کوالیفائی کر رکھا تھا۔
ذرائع کے مطابق اس فیصلے کی بنیادی وجہ فنڈز کی کمی نہیں بلکہ ہاکی فائیو فارمیٹ کے لیے درکار مخصوص تربیت، اسکلز اور معیار کا فقدان ہے۔فیڈریشن نے فی الحال روایتی 11 اے سائیڈ ہاکی کی ڈیولپمنٹ، کھلاڑیوں کی فٹنس اور انڈر 15 ٹیم کی تیاری کو اپنی اولین ترجیح بنا لیا ہے۔
پی ایچ ایف کے مطابق آئندہ برس سے انڈر 18 فارمیٹ ختم ہو کر انڈر 15 فارمیٹ نافذ العمل ہو جائے گا، جس کے لیے کم عمر کھلاڑیوں کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
علاوہ ازیں، کھلاڑیوں کا جسمانی معیار بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی فٹنس کوچز کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
فیڈریشن کا کہنا ہے کہ وہ ہاکی فائیو کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے لیکن اسے روایتی ہاکی کے متبادل کے بجائے ایک اضافی ذریعہ سمجھتی ہے، اور مستقبل میں اس فارمیٹ کے لیے جدید تقاضوں کے مطابق تیاری کی جائے گی۔