پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے آغاز سے قبل سری لنکا کے ٹیسٹ کپتان دھنانجایا ڈی سلوا نے فوری طور پر اپنے عہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا ہے۔
سری لنکا کرکٹ کے مطابق انہوں نے سلیکشن کمیٹی کو خط لکھ کر اپنے فیصلے سے آگاہ کیا اور مؤقف اپنایا کہ قیادت کی ذمہ داری اب اگلی نسل کو منتقل ہونی چاہیے۔
دھنانجایا ڈی سلوا نے واضح کیا ہے کہ وہ بطور کھلاڑی ٹیم کا حصہ رہیں گے اور اپنی خدمات فراہم کرتے رہیں گے۔ سری لنکا کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ایشلے ڈی سلوا نے بطور قائد ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
سری لنکا کو جلد ہی پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے نئے قائد اور اسکواڈ کا اعلان کرنا ہے، جبکہ کوشل مینڈس کو ٹیسٹ ٹیم کا عبوری کپتان مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 9 نومبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی اور دوسرا ٹیسٹ 17 نومبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔