تین روزہ پاکستان اوپن ایم ایم اے (مکسڈ مارشل آرٹس) چیمپئن شپ کے فائنل مقابلے کا آغاز ہوگیا ہے، جس کے فائنل معرکے میں کل 14 ویٹ کیٹگریز میں 28 مرد و خواتین فائٹرز مدمقابل ہیں۔
چیمپئن شپ کے ان اختتامی مقابلوں میں 10 خواتین جبکہ 18 مرد فائٹرز اپنی مہارت کے جوہر دکھا رہے ہیں۔ ایونٹ کے شاندار فائنل مقابلے دیکھنے کے لیے سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن علی حیدر گیلانی بھی اسٹیڈیم پہنچے۔
فائنلز کے پہلے مقابلے میں خواتین کی ایٹم ویٹ (47.7 کلوگرام) کیٹگری کا میچ مومنہ ارشاد اور ساریہ خان کے درمیان کھیلا گیا، جس میں ساریہ خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مومنہ ارشاد کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا۔
ایونٹ کی دوسری فائٹ فلائی ویٹ (56.7 کلوگرام) کیٹگری میں محب اللہ اور موہز ستی کے درمیان ہوئی، جہاں فائنل راؤنڈ میں انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد محب اللہ نے موہز ستی کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔