انگلینڈ کرکٹ ٹیم ون ڈے ٹرائی سیریز میں شرکت کے لیے 16 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچے گی، جبکہ ٹیم کی ایڈوانس سیکیورٹی ٹیم 15 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی۔
پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کا افتتاحی میچ 18 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہوگا۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں 20 اکتوبر کو راولپنڈی میں مدمقابل ہوں گی، جبکہ انگلینڈ اور سری لنکا کا میچ 22 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ لاہور میں سیریز کے میچز کا آغاز 25 اکتوبر سے ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے ون ڈے اسکواڈ کے کھلاڑی 14 اکتوبر کو اسلام آباد میں رپورٹ کریں گے۔ رپورٹ کرنے والے کھلاڑیوں میں کپتان شاہین آفریدی، بابر اعظم، فہیم اشرف، حارث رؤف، سلمان علی آغا، غازی غوری اور سعد بیگ شامل ہیں۔