کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کو ملتان کے قریب حادثہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں ٹرین کی 14 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، حادثے میں اب تک 5 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے جبکہ 30 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ شیر شاہ اسٹیشن کے قریب آؤٹر سگنل پر پیش آیا، اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ اہلکار متاثرہ بوگیوں میں پھنسے مسافروں کو نکالنے اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔ حکام نے اموات میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
حادثے کے باعث ریلوے آپریشن متاثر ہوگیا ہے جبکہ ریلوے حکام کے مطابق متاثرہ ٹریک کو کلیئر کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے رحمان بابا ایکسپریس کو پیش آنے والے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو فوری طور پر بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں سے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔