کراچی: ملیر میں گھر سے 5 افراد کی لاشیں برآمد

image

کراچی کے علاقے بن قاسم گلشن فلک ناز میں ایک گھر سے میاں بیوی، ان کی دو کمسن بیٹیوں اور ایک نوجوان خاتون کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے جائے وقوعہ سے پستول اور گھر کے سربراہ شاہزیب کا مبینہ خط بھی تحویل میں لے لیا ہے۔

جاں بحق افراد میں 30 سالہ شاہزیب، اس کی 28 سالہ اہلیہ صبا، 20 سالہ بہن شمائلہ اور ان کی دو بیٹیاں، 5 سالہ ایزل اور 3 سالہ آریہ شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق گھر اندر سے بند تھا جس پر مالک مکان نے پولیس کو اطلاع دی۔ اہلکاروں نے دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہونے کے بعد لاشیں برآمد کیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بچوں اور نوجوان خاتون کو زہر دیے جانے کا شبہ ہے جبکہ میاں بیوی کی لاشوں پر گولیوں کے نشانات پائے گئے ہیں۔

ایس ایس پی ملیر کے مطابق خاندان کے مالی حالات سے پریشان ہونے کا شبہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم واقعے کی اصل وجوہات اور موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم اور تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گی۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے اور شفاف و غیر جانب دارانہ تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US