آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے ٹکٹوں کے حصول کے لیے شائقین کی جانب سے غیر معمولی جوش و خروش کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے، اور یکم اکتوبر کو ٹکٹ بیلٹ کے آغاز کے صرف 12 دنوں میں 15 ملین سے زائد ٹکٹوں کے لیے درخواستیں دی جاچکی ہیں۔
پیر تک موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق کل 4,423,417 بیلٹ رجسٹریشنز ہو چکی ہیں جن میں مجموعی طور پر 15,083,752 ٹکٹوں کی درخواست کی گئی ہے، اور 142 ممالک کے شائقین اس ٹورنامنٹ کا حصہ بننے کے خواہشمند ہیں۔ اس عالمی دوڑ میں برطانیہ، جنوبی افریقہ، بھارت، امریکہ اور آسٹریلیا بالترتیب سرفہرست پانچ ممالک ہیں۔
یہ ٹورنامنٹ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی میزبانی میں کھیلا جائے گا، اور اس کا بیلٹ 21 نومبر کو رات 23:59 (CAT) تک کھلا رہے گا۔
بیلٹ کا طریقہ کار:
بیلٹ میں شرکت بالکل مفت ہے اور رجسٹریشن کے وقت کسی ادائیگی کی ضرورت نہیں ہوتی۔
شائقین فی کس، فی میچ ایک بیلٹ انٹری جمع کرا سکتے ہیں اور متعدد میچوں کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔
یہ بیلٹ پہلے آنے والے کو پہلے ٹکٹ ملنے کی بنیاد پر نہیں ہے، لہذا رجسٹریشن کی تاریخ کا قرعہ اندازی پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔
جن میچوں کے لیے طلب زیادہ ہوگی وہاں کامیاب امیدواروں کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا، اور کامیاب یا ناکام تمام درخواست گزاروں کو ای میل کے ذریعے مطلع کیا جائے گا۔