رونالڈو نے سعودی عرب سے محبت کا اظہار کر کے مداحوں کے دل جیت لیے، ویڈیو وائرل

image

پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو ایک بار پھر سعودی عرب سے اپنی وابستگی کے باعث خبروں میں آگئے۔

النصر کے اسٹار کھلاڑی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر مقبول ہو رہی ہے، جس میں وہ اپنی جرسی پر بنی سعودی عرب کی قومی علامت کو چومتے دکھائی دے رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق 41 سالہ رونالڈو نے ازبکستان کے کلب نیفتچی فرغانہ کے خلاف میچ میں اپنے کیریئر کا 981واں گول کیا، جبکہ النصر نے مقابلہ ایک کے مقابلے میں تین گول سے جیت لیا۔

میچ شروع ہونے سے پہلے رونالڈو نے اپنی شرٹ پر موجود کھجور کے درخت اور دو تلواروں کے نشان کو بوسہ دیا۔ مقابلہ ختم ہونے پر وہ سعودی پرچم والا اسکارف کندھوں پر ڈال کر شائقین کے ساتھ روایتی وائکنگ کلاپ جشن میں بھی شریک ہوئے۔

النصر کے عربی سوشل میڈیا اکاؤنٹ نے ان کی تصویر کے ساتھ ایک پرانا بیان دوبارہ شیئر کیا، جس میں رونالڈو نے کہا تھا کہ وہ پرتگالی ضرور ہیں لیکن سعودی عرب سے بھی گہرا تعلق محسوس کرتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے جون 2025 میں اپنے معاہدے کی تجدید کے بعد کہی تھی۔

رونالڈو کے کیریئر میں ایک ہزار گولز کا تاریخی سنگ میل بھی قریب آ رہا ہے۔ فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق انہیں اس ہدف تک پہنچنے کے لیے مزید صرف 19 گول درکار ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US