تعلیمی اداروں سے کرکٹ ٹیلنٹ کی تلاش: حکومت اور لاہور قلندرز کا معاہدہ

image

پنجاب میں کھیلوں کی ترویج، گراس روٹ لیول سے نیا ٹیلنٹ سامنے لانے اور نوجوان کھلاڑیوں کو پی ایس ایل سمیت قومی و بین الاقوامی ایونٹس تک رسائی فراہم کرنے کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ صوبائی وزیر اسپورٹس ملک فیصل ایوب کھوکھر اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں 'سی ایم پنجاب یوتھ گیمز' کے انعقاد اور اسکول و کالج لیول پر کرکٹ و فٹبال کے فروغ کے لیے حکومتی اور نجی شعبے کے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر اور سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا کے درمیان ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کھیلوں کے فروغ کے وژن کے تحت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ عاطف رانا یوتھ گیمز کی ٹیکنیکل اور آرگنائزنگ کمیٹیوں میں شامل ہوں گے۔ صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کا اشتراک ناگزیر ہے اور باصلاحیت نوجوانوں کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سمیت تمام بڑے اسپورٹس ایونٹس تک رسائی دی جائے گی جس سے ملک کو نیا اور معیاری ٹیلنٹ میسر آئے گا۔

دوسری جانب اسکول ایجوکیشن اور لاہور قلندرز کے درمیان ایک معاہدہ بھی طے پایا جس کا مقصد تعلیمی اداروں سے بہترین کھلاڑیوں کو قومی دھارے میں لانا ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ صوبے بھر کے تقریباً 800 سرکاری اور 2,000 پرائیویٹ کالجز اور اسکولوں میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسکول اسپورٹس کی بحالی سے آن گراؤنڈ ٹیلنٹ سامنے آیا ہے اور گزشتہ دو سالوں کے دوران 10 ہزار کھلاڑیوں کو لوکیٹ کیا گیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسا پائیدار فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے اسکولوں اور کالجوں کے بچوں کو دنیا کی بہترین پریکٹسز اور تربیت فراہم کر کے قومی ٹیموں تک پہنچایا جائے گا۔

لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے اسپورٹس بورڈ پنجاب اور اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پہلے زمانے میں کرکٹ گراس روٹ لیول سے ہی پروان چڑھتی تھی اور اب اس کے احیاء کے لیے اسکول ایجوکیشن کے ساتھ مل کر کام کرنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں بین الاقوامی کھلاڑی بھی تربیت حاصل کرتے ہیں اور اس وقت بھی ان کے تیار کردہ 5 نوجوان کھلاڑی زمبابوے بھیجے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ اسپورٹس بورڈ پنجاب اور اسکول ایجوکیشن کے ساتھ یہ شراکت داری نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کی نئی راہیں کھولے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US