وزیر خزانہ کی اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کے سرمایہ کاروں سے ملاقات، مالیاتی حکمت عملی پر بریفنگ

image

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں عالمی بینک گروپ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے خودمختار سرمایہ کاروں کے گول میز اجلاس میں شرکت کی، جہاں انہوں نے سرمایہ کاروں کو پاکستان کی معاشی پیش رفت، مالیاتی حکمت عملی اور اصلاحاتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ نے اجلاس کے دوران مسلسل تین سال سے بنیادی مالیاتی سرپلس کے حصول، مالیاتی خسارے کو 22 سال کی کم ترین سطح پر لانے اور پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کو نمایاں کیا۔

محمد اورنگزیب نے سرمایہ کاری کے مالیاتی ذرائع میں تنوع لانے کے حکومتی منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے سکوک، پانڈا بانڈز اور مجوزہ ایسے بین الاقوامی بانڈ کے اجرا کی حکمت عملی بیان کی جس کی مالیت روپے میں ہوگی، تاہم ادائیگی ڈالر میں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ قرضوں کے حصول کی لاگت کم کرنا، قرضوں کی مدت میں اضافہ اور قرضوں کی دوبارہ مالی معاونت سے متعلق خطرات کو محدود کرنا اہم مالیاتی ترجیحات ہیں۔

وزیر خزانہ نے ساختی اصلاحات کا عمل جاری رکھنے، مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے اور ٹیکس قوانین پر مؤثر عملدرآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے بعد پائیدار معاشی ترقی کے لیے سرمایہ کاری اور برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ دینا ضروری ہے۔

اجلاس میں پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط بنانے، مہنگائی کی صورت حال، بیرونی شعبے کے استحکام، توانائی کے تحفظ، ہدفی ریلیف اور موسمیاتی مالی معاونت سمیت اہم معاشی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے اس موقع پر معاشی اصلاحات جاری رکھنے اور پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں مزید بہتری لانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US