آل راؤنڈر عرفات منہاس کا کہنا ہے کہ ہوم کراؤڈ کے سامنے کرکٹ کھیلنا ہمیشہ خوشی کا باعث ہوتا ہے کیونکہ ان کی حمایت ٹیم کا حوصلہ بڑھاتی ہے۔
سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے بعد پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کا انٹرنیشنل ڈیبیو بھی راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوا تھا، اس لیے اس گراؤنڈ سے ان کی خاص وابستگی ہے۔
عرفات منہاس نے صاحبزادہ فرحان کے ساتھ مل کر پاکستان کے لیے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں ساتویں وکٹ کی ریکارڈ 66 رنز کی شراکت قائم کی۔ اس اہم شراکت داری کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پچ پر رک کر کھیلا گیا کھیل ٹیم کے لیے ایک فائٹنگ ٹوٹل بنانے میں مددگار ثابت ہوا۔
موجودہ دور کی کرکٹ میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس فارمیٹ میں بہتر بیٹنگ کے لیے مسلسل پریکٹس اور حریف بولرز کی ویری ایشنز کو سمجھنا بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
اپنی بولنگ کے بارے میں عرفات منہاس نے کہا کہ ان کی ہمیشہ یہی کوشش ہوتی ہے کہ وہ بطور اسپنر اچھی لائن اور لینتھ کے ساتھ بولنگ کریں تاکہ ٹیم کے لیے زیادہ سے زیادہ مفید ثابت ہوسکیں۔