سعودی عرب میں عمرے کی ادائیگی کے بعد مدینہ منورہ جانے والے پاکستانی خاندان کو افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں باپ اور اس کے دو جوان بیٹے جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کا تعلق پنجاب کے شہر عارف والا کے علاقے محلہ اقبال نگر سے تھا، جو ایک ساتھ عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ روانہ ہوئے تھے۔
ذرائع کے مطابق حادثے میں جان کی بازی ہارنے والوں کی شناخت چوہدری واحد علی، ان کے بیٹے ڈاکٹر عمر واحد اور انجینئر علی واحد کے نام سے ہوئی ہے۔ تینوں ایک ہی گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ راستے میں ٹریفک حادثے کا شکار ہوگئے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری واحد علی اور ان کے بیٹے ڈاکٹر عمر واحد سعودی عرب میں مقیم تھے، جبکہ انجینئر علی واحد خصوصی طور پر عمرہ ادا کرنے کے لیے پاکستان سے سعودی عرب پہنچے تھے۔
ایک ہی خاندان کے تین افراد کی اچانک موت کی خبر عارف والا پہنچنے پر اہل خانہ، عزیز و اقارب اور علاقے کے رہائشی غمزدہ ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق تینوں مرحومین کی میتیں پاکستان واپس لانے کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں، تاکہ ان کی تدفین آبائی علاقے میں کی جا سکے۔