شنگھائی میں انویسٹمنٹ کانفرنس: سندھ حکومت اور چینی کمپنیوں میں 16 ایم او یوز پر دستخط

image

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ انویسٹمنٹ کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شنگھائی میں 12 سال بعد دوسری سندھ انویسٹمنٹ کانفرنس کا کامياب انعقاد کیا گیا ہے، جس کے ذریعے صوبہ سندھ میں چینی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور نوجوانوں کے لیے روزگار و تربیت کی نئی راہیں کھلیں گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گزشتہ 12 سال میں سندھ حکومت نے چینی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے بھرپور تیاری کی ہے، جس کے نتیجے میں کانفرنس کے دوران سندھ حکومت اور چینی کمپنیوں کے درمیان سرمایہ کاری کی 16 مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط ہوئے ہیں، جبکہ نجی شعبے کے متعدد کاروباری اداروں نے بھی باہمی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ ان تمام مفاہمتی یادداشتوں کے پیچھے طویل محنت شامل ہے اور ان کے عملی شکل اختیار کرنے کی کامل امید ہے۔ کانفرنس میں سندھ کے ساتھ پہلے سے کام کرنے والی کمپنیوں کے علاوہ نئی چینی کمپنیوں نے بھی شرکت کی۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ اور چین کے درمیان تھر کول، الیکٹرک گاڑیوں (EVs) کی تیاری، چارجنگ اسٹیشنز، ونڈ و سولر انرجی، زراعت، ڈیجیٹل ترقی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI)، لارج ڈیٹا پروسیسنگ اور ڈیٹا سینٹرز کے قیام جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ اس کے علاوہ سندھ اور چین کے صوبے ہوبے کے درمیان بھی تعاون کے مثبت امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے پاکستانی کمپنیوں پر بھی زور دیا کہ وہ چین میں سرمایہ کاری کریں، تجربات حاصل کریں اور ملکی معیشت کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں پاکستان کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کا اہم وقت ہے اور سندھ کی بندرگاہیں اسے پاکستان اور عالمی منڈیوں کے درمیان ایک اہم تجارتی گیٹ وے بناتی ہیں۔ چینی سرمایہ کاروں کو سہولت دینے کے لیے سندھ انویسٹمنٹ ڈپارٹمنٹ میں علیحدہ ڈیسک اور سنگل ونڈو فیسلٹی سینٹر قائم کر دیا گیا ہے، جبکہ اسپیشل اکنامک زونز میں 10 سالہ ٹیکس مراعات اور درآمدی اشیاء پر ٹیکس چھوٹ فراہم کی جا رہی ہے۔ مزید برآں، سندھ حکومت کا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ سرمایہ کاری کے منصوبوں کے لیے مؤثر قانونی اور ادارہ جاتی معاونت فراہم کرتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے چینی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ سندھ کے جغرافیائی مقام، نوجوانوں کی افرادی قوت اور دستیاب ٹیکس مراعات سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پیپلز انفارمیشن ٹیکنالوجی پروگرام کے تحت ہر سال تقریباً 1500 نوجوانوں کو تربیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت کا مقصد سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر کے صوبے اور ملک کے لیے بہترین سرمایہ کاری لانا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US