زندگی کے 30 سال ضائع کردیے، عامر خان اپنے سب سے بڑے پچھتاوے کا ذکر کرتے ہوئے رو پڑے

image

"میں نے اپنی زندگی کے تقریباً 30 سال صرف کام کو دے دیے۔ ایک دو یا پانچ سال تک کام میں مصروف رہنا سمجھ آتا ہے، لیکن جب یہی سلسلہ تین دہائیوں تک چلتا رہے تو آپ کو احساس ہی نہیں ہوتا کہ آپ کے بچے کب بڑے ہوگئے اور آپ اپنے پیاروں کے ساتھ کتنا قیمتی وقت گزارنے سے محروم رہ گئے۔ خوش قسمتی سے مجھے یہ بات 56 سال کی عمر میں سمجھ آگئی، اگر 86 سال کی عمر میں احساس ہوتا تو شاید بہت دیر ہو چکی ہوتی۔"

یہ جذباتی الفاظ بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان کے ہیں، جو سنگاپور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں اپنی زندگی کے سب سے بڑے پچھتاوے کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔ تقریب کے دوران جب ان سے کیریئر کے مشکل ترین دور کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کسی ناکام فلم کا نام لینے کے بجائے اپنے خاندان کو مناسب وقت نہ دے پانے کو زندگی کی سب سے بڑی کمی قرار دیا۔

61 سالہ اداکار نے بتایا کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران انہیں پہلی مرتبہ اپنی مصروف زندگی پر سنجیدگی سے غور کرنے کا موقع ملا۔ اس وقت انہیں احساس ہوا کہ فلمی کامیابیوں کی دوڑ میں وہ اپنے بچوں، خاندان اور قریبی دوستوں سے کتنے دور ہو چکے تھے۔ یہ بات بتاتے ہوئے وہ اپنے آنسو نہ روک سکے، جس پر ہال میں موجود لوگوں نے تالیاں بجا کر ان کا حوصلہ بڑھایا۔

عامر خان کے مطابق اس احساس کے بعد انہوں نے اپنی زندگی کی ترجیحات بدل دیں اور گزشتہ چار برس سے وہ اپنے عزیزوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

فیسٹیول میں عامر خان کو شاندار فلمی خدمات کے اعتراف میں اسکرین آئیکون ایوارڈ سے بھی نوازا گیا، جبکہ ان کی مشہور فلم ’لگان‘ کے 25 سال مکمل ہونے پر خصوصی نمائش بھی پروگرام کا حصہ رکھی گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US