اسٹیٹ بینک کا بینکوں کی سرمایہ کاری کے قواعد میں اہم ردوبدل

image

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینکوں کی سرمایہ کاری کے لیے نئے قواعد متعارف کرا دیے، جن کے تحت کمپنیوں، اسٹارٹ اپس، میوچل فنڈز اور رئیل اسٹیٹ فنڈز میں سرمایہ کاری کی حد مقرر کردی گئی ہے۔

نئے ضوابط کے تحت بینکوں کے لیے سرمایہ کاری کی باقاعدہ پالیسی تشکیل دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ بینک کسی ایک کمپنی میں اپنے بنیادی سرمائے کا زیادہ سے زیادہ 5 فیصد یا متعلقہ کمپنی کے حصص کا 10 فیصد تک سرمایہ کاری کر سکیں گے۔

اسٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کے لیے 50 کروڑ روپے یا بینک کے بنیادی سرمائے کے 5 فیصد کی حد مقرر کی گئی ہے، جبکہ فِن ٹیک اسٹارٹ اپس بھی ان نئے ضوابط کے دائرہ کار میں شامل ہوں گے۔

اسٹیٹ بینک کے نئے قواعد کے مطابق کسی ایک میوچل فنڈ یا رئیل اسٹیٹ فنڈ میں سرمایہ کاری بینک کے بنیادی سرمائے کے 5 فیصد یا متعلقہ فنڈ کے مجموعی یونٹس کے 20 فیصد سے تجاوز نہیں کر سکے گی۔

نئے ضوابط کے تحت سرمایہ کاری سے قبل بینکوں کو متعلقہ اداروں اور فنڈز کی مالی حالت، ممکنہ خطرات اور متوقع منافع کا تفصیلی جائزہ لینا ہوگا۔ اسٹریٹجک سرمایہ کاری اور مختلف فنڈز میں لگائی گئی رقوم کو بھی بینکوں کی مجموعی سرمایہ کاری میں شمار کیا جائے گا۔

قواعد میں نیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ (این آئی ٹی) کے یونٹس کو نجکاری تک مخصوص رعایت دی گئی ہے، جبکہ سرمایہ کاری سے متعلق دیگر سابقہ ضوابط بدستور برقرار رہیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US