اسٹوڈیو میں صفائی کرنے سے بالی ووڈ کی سپر اسٹار بننے تک! روینہ ٹنڈن نے اپنی زندگی کا حیران کن قصہ سنادیا

image

"میں نے اپنے کیریئر کا آغاز اسٹوڈیو کے فرش صاف کرنے سے کیا، یہاں تک کہ مجھے وہاں لوگوں کی قے بھی صاف کرنا پڑتی تھی۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ اداکارہ بنوں گی، یہ سب اچانک میری زندگی میں ہوا۔

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ روینہ ٹنڈن نے اپنی زندگی کے ابتدائی دنوں سے متعلق دلچسپ انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے وہ ایسے کام بھی کرچکی ہیں جن کا شاید ان کے مداح تصور بھی نہیں کرسکتے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ساز روی ٹنڈن کی بیٹی ہونے کے باوجود روینہ نے اپنے کیریئر کا آغاز اداکاری سے نہیں بلکہ اشتہاری فلموں کے سیٹ پر ایک معاون کے طور پر کیا۔ دسویں جماعت مکمل کرنے کے بعد انہوں نے معروف اشتہاری فلم ساز پرہلاد ککڑ کے ساتھ کام شروع کیا، جہاں انہیں اسٹوڈیو کی صفائی سمیت مختلف ذمہ داریاں نبھانا پڑتی تھیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ جب کبھی شوٹنگ پر کوئی ماڈل نہیں پہنچتی تھی تو انہیں کیمرے کے سامنے کھڑا کردیا جاتا تھا۔ بار بار مفت میں ماڈلنگ کرنے کے بعد انہوں نے سوچا کہ کیوں نہ اس کام سے کچھ پیسے بھی کمائے جائیں۔ یوں اتفاقاً ان کا ماڈلنگ کا سفر شروع ہوا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ روینہ کو اداکاری کی کئی بڑی پیشکشیں ملیں لیکن انہوں نے ابتدا میں انہیں قبول کرنے سے انکار کردیا۔ شاہ رخ خان کی مشہور فلم 'ڈر' بھی پہلے انہیں پیش کی گئی تھی، تاہم چند مناظر میں خود کو غیر مطمئن محسوس کرنے کی وجہ سے انہوں نے فلم چھوڑ دی۔

اسی طرح کرشمہ کپور کی پہلی فلم 'پریم قیدی' اور اجے دیوگن کی ڈیبیو فلم 'پھول اور کانٹے' بھی روینہ کو آفر ہوئی تھیں، لیکن اس وقت وہ اداکاری کو اپنا مستقل پیشہ بنانے کے لیے تیار نہیں تھیں۔

بعد ازاں سلمان خان ایک نئی اداکارہ کی تلاش میں تھے اور روینہ کے دوست بنٹی والیا نے انہیں روینہ سے ملنے کا مشورہ دیا۔ اس ملاقات کے بعد روینہ نے 1991 میں فلم 'پتھر کے پھول' سے بالی ووڈ میں قدم رکھا اور پہلی ہی فلم پر بہترین نئی اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ حاصل کرلیا۔

اس کے بعد روینہ نے 'مہرہ'، 'دل والے'، 'انداز اپنا اپنا' اور 'دلہے راجا' جیسی کامیاب فلموں میں کام کرکے اپنی الگ پہچان بنائی۔ اکشے کمار کے ساتھ فلم 'مہرہ' میں ان کی جوڑی اور گانے آج بھی شائقین میں مقبول ہیں۔

فلم 'دامن' میں بہترین اداکاری پر انہیں قومی فلم ایوارڈ بھی ملا، جبکہ بعد کے برسوں میں 'کے جی ایف 2' اور ویب سیریز 'آرنیک' جیسے منصوبوں کے ذریعے انہوں نے اپنی اداکاری کا سفر جاری رکھا۔

روینہ ٹنڈن کی کہانی اس لحاظ سے دلچسپ ہے کہ ایک ایسی لڑکی جو کبھی اداکارہ بننے کا ارادہ نہیں رکھتی تھی، اتفاقی طور پر ماڈلنگ میں آئی اور پھر بالی ووڈ کی مقبول ترین اداکاراؤں میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US