والد کی دو شادیاں اور گھر میں روز جھگڑے! فردوس جمال نے اپنے بچپن کے حیران کن قصے سنادیے

image

"میرے والد نے دو شادیاں کی تھیں اور ہم تقریباً 10 بہن بھائی تھے۔ دونوں بیویوں میں والد کی توجہ حاصل کرنے کے لیے اکثر جھگڑے ہوتے تھے۔ والد ایک بیوی کے گھر جاتے تو دوسری رونا دھونا شروع کردیتی تھی۔ میں بچپن سے یہ سب دیکھتا آیا ہوں، اسی لیے ڈرامہ کیا ہوتا ہے، یہ مجھے گھر سے ہی سمجھ آگیا تھا۔"

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار فردوس جمال نے اپنے بچپن اور خاندانی زندگی سے متعلق ایسے دلچسپ انکشافات کیے ہیں جنہوں نے ان کی اداکاری کے پیچھے چھپی ایک غیر معمولی کہانی سامنے رکھ دی ہے۔

حال ہی میں واسع چوہدری کے پروگرام 'گپ شپ' میں شرکت کے دوران فردوس جمال نے بتایا کہ ان کی اداکاری میں دلچسپی پیدا ہونے کی ایک بڑی وجہ ان کے والد تھے، جو بچپن میں انہیں فلمیں دکھانے لے جایا کرتے تھے۔ یوں کم عمری سے ہی ان کے دل میں فلموں اور اداکاری کا شوق پیدا ہوگیا تھا۔

پشتون خاندان سے تعلق رکھنے والے اداکار نے بتایا کہ ان کے والد کی دو بیویاں تھیں اور گھر میں تقریباً 10 بہن بھائی تھے۔ دونوں بیویوں کے درمیان شوہر کی توجہ حاصل کرنے کے لیے اکثر اختلافات ہوتے رہتے تھے، جنہیں وہ بچپن سے قریب سے دیکھتے آئے تھے۔

فردوس جمال کے مطابق جب ان کے والد ایک بیوی کے پاس جاتے تو دوسری ناراض ہوجاتی اور رونا دھونا شروع کردیتی۔ گھر میں پیش آنے والے ایسے واقعات نے انہیں انسانی جذبات، رویوں اور رشتوں کی پیچیدگیوں کو سمجھنے کا موقع دیا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ان کے اندر ڈرامائی کرداروں کو سمجھنے اور نبھانے کی صلاحیت پیدا ہونے میں بچپن کے ان تجربات کا بھی اہم کردار رہا۔ ایک طرف والد کے ساتھ فلمیں دیکھنے کا شوق تھا تو دوسری طرف گھر کے حالات نے انہیں حقیقی زندگی کے مختلف جذبات سے روشناس کرایا۔

یاد رہے کہ فردوس جمال کا شمار پاکستان کے باصلاحیت اور تجربہ کار اداکاروں میں ہوتا ہے، جنہوں نے اپنے طویل فنی سفر میں مختلف نوعیت کے کردار ادا کرکے شائقین کے دلوں میں جگہ بنائی۔ وہ اپنی اداکاری کے ساتھ ساتھ بے باک بیانات کی وجہ سے بھی اکثر خبروں میں رہتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US