"گزشتہ 6 ماہ میرے لیے بہت مشکل تھے، میں پوسٹ پارٹم ڈپریشن کی وجہ سے خود کو سب سے الگ کر چکی تھی اور کسی سے ملنا جلنا بھی پسند نہیں کرتی تھی، لیکن اللہ پر یقین اور میرے شوہر کے مسلسل ساتھ نے مجھے اس مشکل وقت سے نکلنے کا حوصلہ دیا۔"
معروف پاکستانی اداکارہ فاطمہ آفندی نے بیٹی کی پیدائش کے بعد اپنی ذہنی صحت سے متعلق ایک ذاتی تجربہ مداحوں کے ساتھ شیئر کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اہلِ خانہ کے ہمراہ تصویر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ماں بننے کی خوشی کے ساتھ انہیں ایک ایسے مشکل مرحلے کا سامنا کرنا پڑا جس نے کئی ماہ تک ان کی روزمرہ زندگی کو متاثر کیا۔
اداکارہ کے مطابق وہ تقریباً چھ ماہ تک پوسٹ پارٹم ڈپریشن سے نبرد آزما رہیں۔ اس دوران انہوں نے سماجی سرگرمیوں سے دوری اختیار کرلی اور زیادہ وقت تنہائی میں گزارا۔ تاہم اس کیفیت کا مقابلہ کرنے میں ان کے مذہبی یقین اور گھر والوں کی محبت نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے خاص طور پر اپنے شوہر کا شکریہ ادا کیا، جو اس عرصے میں ان کے لیے حوصلے اور سہارا بنے رہے۔
فاطمہ آفندی نے بتایا کہ ان تجربات نے اللہ تعالیٰ سے ان کے تعلق کو مزید گہرا کیا اور انہیں رحمت، شفقت اور محبت کے نئے پہلو سمجھنے کا موقع ملا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں دوسروں کے ساتھ ہمدردی اور نرمی سے پیش آنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
اداکارہ نے اپنی ننھی بیٹی ازنیرا کو زندگی میں آنے والی ایک خوبصورت نعمت قرار دیتے ہوئے مداحوں سے اس کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی۔ ان کی اس پوسٹ نے ماں بننے کے بعد خواتین کو پیش آنے والی ذہنی اور جذباتی مشکلات جیسے اہم موضوع کو بھی اجاگر کیا ہے۔