"جیا مجھے کئی سال تک پیار سے لمبو جی کہہ کر بلاتی رہیں، لیکن ایک دن میرے والد نے انہیں سمجھایا کہ مجھے اس نام سے نہ پکارا کریں، یا تو میرے اصل نام سے بلائیں یا کوئی دوسرا نام رکھ لیں۔ اس کے بعد جیا نے مجھے امیتابھ کہہ کر مخاطب کرنا شروع کردیا۔"
بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے اپنی اہلیہ جیا بچن سے متعلق ایک پرانا اور دلچسپ قصہ سنایا ہے، جس کا تعلق ان کی شادی کے ابتدائی برسوں سے ہے۔ معروف ٹی وی شو کون بنے گا کروڑ پتی میں اداکار رنبیر کپور کے ساتھ گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ انہیں محبت سے ایک ایسے نام سے پکارتی تھیں جو ان کے والد ہری ونش رائے بچن کو پسند نہیں تھا۔
یہ بات اس وقت سامنے آئی جب رنبیر کپور نے امیتابھ اور جیا بچن کے قد میں فرق کا ذکر کیا۔ رنبیر نے بتایا کہ وہ اکثر اپنے اور عالیہ بھٹ کے قد کا موازنہ امیتابھ اور جیا سے کرتے تھے۔ ان کے خیال میں جس طرح امیتابھ لمبے اور جیا نسبتاً چھوٹے قد کی ہیں، اسی طرح وہ اور عالیہ بھی تصویروں میں ایک ساتھ اچھے لگیں گے۔
اس گفتگو پر امیتابھ بچن نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ ان کا قد 6 فٹ 2 انچ ہے، جبکہ جیا کا قد تقریباً 5 فٹ 3 یا 4 انچ ہوگا۔ اسی دوران انہیں یاد آیا کہ جیا ان کے لمبے قد کی وجہ سے برسوں تک انہیں 'لمبو جی' کہہ کر بلاتی رہی تھیں، تاہم والد کے اعتراض کے بعد انہوں نے یہ نام استعمال کرنا چھوڑ دیا۔
واضح رہے کہ امیتابھ بچن اور جیا بہادری جون 1973 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ پانچ دہائیوں سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود دونوں کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف ترین جوڑوں میں ہوتا ہے۔