میں یہ سن سن کر تنگ آ چکی ہوں کہ تم موٹی ہو گئی ہو، تمہارا وزن بڑھ گیا ہے، تم بھینس جیسی لگنے لگی ہو۔ پہلے مجھے اندازہ نہیں تھا کہ زیادہ وزن والے لوگوں کو ایسی باتیں سن کر کتنی تکلیف ہوتی ہے، لیکن اب خود اس صورتحال سے گزر رہی ہوں۔ زندگی میں کبھی وزن بڑھتا ہے تو کبھی کم بھی ہو جاتا ہے۔
گھر والے سمجھتے ہیں کہ میں ہر وقت کھاتی رہتی ہوں، باہر لوگ موٹی کہتے ہیں اور میری ٹیم بھی بار بار میرے بھرے ہوئے چہرے پر تبصرے کرتی ہے۔ خدا کے لیے! میرا وزن بڑھا ہے، میری نظر نہیں گئی۔ مجھے خود بھی آئینے میں سب دکھائی دیتا ہے اور معلوم ہے کہ اب وزن کم کرنا چاہیے۔ بس کچھ عرصے سے زیادہ کھا لیا ہے، اب مجھے موٹی کہنا بند کر دیں۔"
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور میزبان وینا ملک نے اپنے وزن اور جسمانی ساخت پر ہونے والے تبصروں سے پریشان ہو کر کھل کر بات کی ہے۔ انہوں نے اپنے مارننگ شو میں بتایا کہ لوگ ان کی ظاہری شخصیت پر اس قدر تنقید کرتے ہیں کہ اب وہ ایسی باتیں سن کر تھک چکی ہیں۔
وینا ملک کا کہنا تھا کہ پہلے وہ زیادہ وزن رکھنے والے افراد کی مشکلات کو پوری طرح نہیں سمجھتی تھیں، لیکن اب انہیں احساس ہوا ہے کہ کسی کو بار بار موٹا کہنا کس قدر تکلیف دہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنے بڑھے ہوئے وزن سے بخوبی واقف ہیں اور اسے کم کرنے کی ضرورت بھی محسوس کرتی ہیں، تاہم دوسروں کو ان کی جسمانی ساخت کا مذاق نہیں اڑانا چاہیے۔
اداکارہ کا یہ بیان سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ متعدد افراد نے ان کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ کسی کی شکل و صورت یا وزن پر طنز کرنا مناسب نہیں، جبکہ بعض صارفین نے ان کے لباس اور اسٹائل پر بھی تنقید کی۔
یاد رہے کہ وینا ملک پاکستانی فلموں، مزاحیہ پروگراموں اور میزبانی کے ذریعے شہرت حاصل کر چکی ہیں، جبکہ بھارتی ریئلٹی شو بگ باس میں شرکت کے بعد بھی وہ خاصی خبروں میں رہی تھیں۔