بنگلادیشی کرکٹ کی تاریخ میں نیا باب، مشفق الرحیم ٹیسٹ میں 7 ہزار رنز بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے

image

بنگلادیش کے تجربہ کار بیٹر مشفق الرحیم نے ٹیسٹ کرکٹ میں 7 ہزار رنز مکمل کرکے تاریخ رقم کردی، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے بنگلادیشی کرکٹر بن گئے۔

مشفق الرحیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری سلہٹ ٹیسٹ کے آخری روز کھانے کے وقفے کے بعد روسٹن چیز کی گیند پر ایک رن لے کر یہ سنگ میل عبور کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ خود اس تاریخی لمحے سے بے خبر رہے، تاہم ڈریسنگ روم میں ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے کھڑے ہوکر تالیاں بجانے پر انہیں کامیابی کا اندازہ ہوا۔

مشفق الرحیم اس سے قبل 2022 میں 5 ہزار اور 2024 میں 6 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرنے والے پہلے بنگلادیشی بیٹر بھی بن چکے ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں بنگلادیش کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں مومن الحق 5 ہزار 293 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ تمیم اقبال تیسرے نمبر پر ہیں۔

مشفق الرحیم بنگلادیش کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 14 سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔ ان کا بہترین انفرادی اسکور 219 ناٹ آؤٹ ہے۔

واضح رہے کہ مشفق الرحیم نے 2005 میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور سلہٹ ٹیسٹ ان کے کیریئر کا 107 واں ٹیسٹ میچ ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US