انگلینڈ اور آسٹریلیا کے بعد اسکاٹ لینڈ نے بھی افغانستان کے ساتھ دوطرفہ کرکٹ سیریز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کرکٹ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق افغان ٹیم کے ساتھ نہ صرف دوطرفہ سیریز بلکہ کسی تین ملکی سیریز، ٹریننگ کیمپس، پریکٹس میچز یا وارم اپ مقابلوں میں بھی شرکت نہیں کی جائے گی۔ یہ فیصلہ افغانستان میں خواتین کرکٹ اور انسانی حقوق کی صورتحال میں بہتری آنے تک برقرار رہے گا۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ آئی سی سی کے باقاعدہ مقابلوں میں افغان ٹیم کے خلاف شرکت کو افغانستان کی موجودہ حکومت یا اس کی پالیسیوں کی حمایت تصور نہ کیا جائے، جبکہ افغانستان پریمیئر لیگ (اے پی ایل) میں اسکاٹ لینڈ کے کھلاڑیوں کی شرکت کا بھی افغان حکومت کی پالیسیوں سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔
یہ فیصلے افغان کرکٹ بورڈ سے رابطوں کے بعد کیے گئے ہیں، جس کے تحت جولائی میں آئرلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل افغان ٹیم کی جانب سے کی گئی ٹریننگ سہولیات کی درخواست کو مسترد کر دیا گیا تھا، جبکہ ستمبر میں افغانستان نے ایک بار پھر اے پی ایل کے حوالے سے رابطہ کیا تھا۔