ویرات کوہلی سے فون پر گفتگو کے بعد ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا: کین ولیمسن کا انکشاف

image

نیوزی لینڈ کے سابق کپتان کین ولیمسن نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کے ساتھ ریٹائرمنٹ سے قبل ہونے والی ایک دلچسپ گفتگو نے انہیں اپنے کیریئر اور زندگی کے بارے میں سوچنے پر مجبور کر دیا تھا۔

کین ولیمسن کے مطابق ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ ان کے اور ویرات کوہلی کے درمیان کرکٹ، کیریئر کے اختتام اور ذاتی تجربات پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا تھا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان طویل انٹرنیشنل کیریئر، کپتانی کی ذمے داریوں اور ایک ہی دور میں خاندانی زندگی کے آغاز جیسی کئی باتیں مشترک رہی ہیں، اور دونوں نے تقریباً 16 سال تک مسلسل بہتری کے لیے محنت کی۔

ولیمسن نے بتایا کہ کوہلی سے فون پر بات کرنے کے بعد ہی انہوں نے اپنی اہلیہ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کا ذکر کیا۔ 16 سالہ انٹرنیشنل کیریئر کا اختتام کرنے والے کین ولیمسن نے ٹیسٹ کرکٹ میں 9,515 رنز بنائے جبکہ ویرات کوہلی 9,230 رنز کے بعد اس فارمیٹ سے ریٹائر ہوئے۔

اس حوالے سے ولیمسن کا کہنا تھا کہ ان کے لیے کامیابی کا معیار صرف رنز یا سنچریاں نہیں بلکہ کھیل سے حقیقی وابستگی اور ٹیم کے لیے مثبت کردار ادا کرنا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US