ٹک ٹاکر انصر عرف پتلو کی عبوری ضمانت منسوخ، عدالت میں پیش نہ ہونے پر فیصلہ

image

ڈسکہ کی عدالت نے ٹک ٹاکر انصر جٹ عرف پتلو کی عبوری ضمانت منسوخ کردی۔ ملزم مہندی کی تقریب میں بھگدڑ کے نتیجے میں دو افراد کی ہلاکت اور 18 افراد کے زخمی ہونے کے مقدمے میں عبوری ضمانت پر تھے۔

ڈسکہ روڈ پر منعقدہ مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے دو افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے تھے، جس پر تھانہ موترہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کیا تھا۔ انصر عرف پتلو نے اس مقدمے میں ڈسکہ کی عدالت سے 10 نومبر تک عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی، تاہم مقررہ تاریخ پر سماعت کے دوران عدالت میں پیش نہ ہونے پر ان کی ضمانت منسوخ کردی گئی۔

دوسری جانب مہندی کی تقریب میں جاں بحق ہونے والے نوجوان ریحان کے اہلخانہ کو مبینہ طور پر دھمکیاں دینے کے الزام میں بھی انصر عرف پتلو کے خلاف الگ مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں تھانہ صدر ڈسکہ پولیس نے انہیں گزشتہ روز گرفتار کرلیا تھا۔

واضح رہے کہ مہندی کی تقریب میں بھگدڑ کے افسوسناک واقعے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات اور قانونی کارروائی شروع کردی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US