بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور نے کہا ہے کہ وہ بوٹوکس اور کاسمیٹک سرجری کے سخت خلاف ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انسان ہمیشہ 19 سال کا نظر نہیں آ سکتا، اس لیے ظاہری خوبصورتی کے لیے سرجری یا انجیکشنز کا سہارا لینے کے بجائے اپنی صحت، قدرتی شخصیت اور ذہنی و جسمانی تندرستی برقرار رکھنے پر توجہ دینی چاہیے۔
شوبز انڈسٹری میں کم عمر دکھائی دینے کے لیے کاسمیٹک سرجری کے بڑھتے ہوئے رجحان کی مخالفت کرتے ہوئے 46 سالہ اداکارہ نے کہا کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور تندرستی کے لیے قدرتی طریقوں کو ترجیح دیتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بوٹوکس اور سرجری کے مقابلے میں خاندان اور دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا، فلمی سیٹ پر کام کرنا اور صحت مند زندگی گزارنا خود کو بہتر رکھنے کے اصل ذرائع ہیں۔
کرینہ کپور نے اس رجحان پر افسوس کا اظہار کیا کہ آج کل لڑکیاں 18 یا 20 سال سے زیادہ کی دکھائی نہیں دینا چاہتیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس عمر میں اپنی زندگی کا بہترین وقت گزار رہی ہیں اور انہوں نے خود کو اداکاری اور ذاتی زندگی میں اس سے پہلے کبھی اتنا بہتر اور تندرست محسوس نہیں کیا۔