سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے سعودی تجارتی وفد نے پورٹ قاسم اتھارٹی (پی کیو اے) کا دورہ کیا، جہاں پاکستان کے اہم تجارتی مرکز میں جاری ترقیاتی منصوبوں، بندرگاہی سہولیات اور سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
دورے کے دوران چیئرمین پورٹ قاسم نے سعودی وفد کو بندرگاہ کے جاری منصوبوں، تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سعودی وفد نے ملٹی پرپز کارگو ٹرمینل کی استعداد، کارکردگی اور توسیع کے امکانات میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ درآمدی و برآمدی آٹو زونز کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان صنعتی و تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے اہم تجاویز زیر غور آئیں، جن میں پورٹ قاسم پر پیٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ کرنے کے نئے منصوبوں اور پاکستان میں معدنیات کی ریفائنریز کے قیام سے متعلق سرمایہ کاری کے امکانات شامل تھے۔
سعودی سرمایہ کاروں نے بندرگاہ کے موجودہ انفراسٹرکچر اور مستقبل میں تجارتی صلاحیت بڑھانے کے منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری، کاروباری شراکت داری اور صنعتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دورے کے اختتام پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع سے استفادہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ باہمی رابطوں اور اعلیٰ سطح کے تجارتی وفود کے تبادلے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو نئی جہت ملے گی۔