کرینہ کپور کو دیوالی پر’آیت الکرسی‘ کے نقش والا شاہی ہار پہننے پر قانونی نوٹس

بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور خان نے دیوالی کی تقریب کے لیے تیار ہوتے ہوئے شاید سوچا بھی نہ ہو کہ ان کے گلے کا ہار انھیں ایک قانونی جنگ میں دھکیل سکتا ہے۔

بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور خان نے دیوالی کی تقریب کے لیے تیار ہوتے ہوئے شاید سوچا بھی نہ ہو کہ ان کے گلے کا ہار انھیں ایک قانونی جنگ میں دھکیل سکتا ہے۔

کرینہ نے اس تقریب میں 30 قیراط وزن کے جس زمرد کا جڑاؤ ہار گلے میں پہنا اس پر ’آیت الکرسی‘ کے نام سے معروف قرآنی آیت کندہ تھی۔

اس تقریب کی تصاویر سامنے آنے کے بعدکانگریس کے رہنما اور قومی میڈیا کوآرڈینیٹر عباس حفیظ کی جانب سے انھیں قانونی نوٹس بھیجا گیا ہے جس میں سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں قرآنی آیت کی نمائش کے طریقے پر اعتراض کیا گیا ہے۔

یہ نوٹس نہ صرف اداکارہ کرینہ کپور بلکہ ان کی سٹائلسٹ ریحا کپور کو بھی بھیجا گیا ہے۔

نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ متعلقہ تصاویر، ویڈیوز اور سوشل میڈیا پوسٹس کو حذف کیا جائے، عوامی سطح پر معافی مانگی جائے اور یہ یقین دہانی کرائی جائے کہ مستقبل میں اس مقدس قرآنی عبارت کو ایسے انداز میں پیش نہیں کیا جائے گا جس سے اس کی مذہبی حرمت متاثر ہونے کا خدشہ ہو۔

اداکارہ کرینہ کپور نے دو دن قبل اپنے انسٹاگرام پر دیوالی کی تقریب کے لیے اختیار کیے گئے اپنے شاہی سٹائل کی تصاویر پوسٹ کی تھیں۔

دیوالی کی تقریب میں فلمی دنیا کے متعدد لوگ مدعو تھے، تاہم کرینہ نے اپنے خاص انداز کی تصاویر کو اپنے سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا۔

انھیں سٹائل کرنے والی ریحا کپور نے خود یہ تصاویر اپنے انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’حقیقی فلمی ستارہ، حقیقی چاندی، حقیقی خاندانی ورثہ اور حقیقی ذاتی انداز۔‘

انھوں نے تفصیل بتاتے ہوئے پوسٹ کے ساتھ لکھا کہ ’کرینہ نے پونیت بالانا کی تیار کردہ خالص چاندی کے رنگ کے کافتان اور پگڑی پہن رکھی ہے، جبکہ ان کے ساتھ نوابِ بھوپال کی 200 سال پرانی کلغی اور بیگمِ بھوپال کا 30 قیراط کا زمرد بھی ہے، جس پر آیت الکرسی کندہ ہے۔‘

انھوں نے بتایا کہ یہ زیورات ’بھوپال کے شاہی خاندان کا خاندانی ورثہ ہیں۔‘

مزید وضاحت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’یہ تاریخی زیورات سیف علی خان کے خاندان کے ذریعے کرینہ تک پہنچے ہیں کیونکہ سیف کی دادی ساجدہ سلطان، بھوپال کے آخری حکمران نواب کی صاحبزادی تھیں۔‘

قانونی نوٹس میں کیا ہے؟

کانگریس کے ترجمان عباس حفیظ کے وکیل محمد ظفر نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے موکل چاہتے ہیں کہ مقدس آیات والی تصاویر کو سوشل میڈیا سے ہٹایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارا اعتراض اس بات پر نہیں ہے کہ بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور نے ایک لاکٹ پہنا، بلکہ ہمارا اعتراض اس چیز پر ہے جو اس لاکٹ پر نقش ہے۔‘

انھوں نے کہا ’اس پر قرآنِ مجید کی ایک آیت درج ہے، جسے انتہائی مقدس سمجھا جاتا ہے۔‘

’میرے مؤکل اور ہم سب کا یہ ماننا ہے کہ اس سے پوری مسلم برادری کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔‘

وکیل محمد ظفر نے بتایا کہ ’ہماری روایت میں اس آیت کی تلاوت کرنے یا قرآنِ مجید کو چھونے سے پہلے وضو کرنا ضروری سمجھا جاتا ہے۔ ہمارا بنیادی اعتراض اس طریقے پر ہے جس انداز میں اسے سوشل میڈیا پر پیش کیا گیا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اسی لیے ہم یہ قانونی نوٹس جاری کر رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ اسے ہٹا دیا جائے۔‘

’تہواروں کی اصل روح کو کمزور کرنے کی کوشش‘

کرینہ کپور کی جانب سے قرآنی آیات کے نقش والا ہار دیوالی کے موقع پر پہننے پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی حیرت کا اظہار کیا۔

کرینہ کپور اور ریحا کپور دونوں کی سوشل میڈیا پوسٹس پر صارفین یہ کہتے نظر آئے کہ ’کیا واقعی انھوں نے آیت الکرسی والا لاکٹ پہنا ہے؟‘

فہیمہ نامی صارف نے لکھا ’آیت الکرسی کی بے حرمتی نہ کریں۔ یہ ہماری مقدس کتاب قرآنِ مجید کی آیات ہیں۔‘

ایک طرف قرآنی آیات پہننے پر مذمت کرنے والے ہیں تو دوسری جانب ہندو شائقین بھی معترض ہیں۔

شیتل گپتا نے کہا ’کرینہ کپور دیوالی پر اسلامی طرز کے لباس اور مبینہ طور پر قرآنی آیات سے مزین زیورات پہن کر سامنے آئیں۔ ہمیشہ ہماری ثقافت اور تہواروں کی اصل روح کو کمزور کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ہمارے تہواروں کی اصل شناخت کو متاثر کرنا بند کریں۔ سناتن ثقافت احترام کی مستحق ہے، محض علامتی نمائندگی کی نہیں۔‘

لیکن کچھ صارفین کا خیال ہے کہ یہ اتنا بڑا مسئلہ نہیں تھا کہ اس پر اتنا شور ہو جاتا۔

آروہی ریڈی نے لکھا کرینہ کپور کا ’واحد جرم یہ تھا کہ انھوں نے دیوالی کے موقع پر بھوپال کی بیگم کا تاریخی ہار پہنا۔۔۔ ذرا سوچیے کہ بعض لوگوں کے مذہبی جذبات کتنی آسانی سے معمولی باتوں پر مجروح ہو جاتے ہیں!‘

’بائیں بازو کے لبرل حلقے، جو ہندو مذہب سے متعلق معمولی معاملات پر بھی فوراً آواز اٹھاتے ہیں، آج مکمل خاموش ہیں۔‘

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US