امریکی حکام ایران کے خلاف جارحیت کے نتائج سے بچنے کے لیے گمراہ کن بیانیہ بنا رہے ہیں، اسماعیل بقائی

image

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی حکام کے ایران سے متعلق مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن اپنی مبینہ غیرقانونی جارحیت کے نتائج سے بچنے کے لیے ایک نیا اور گمراہ کن بیانیہ تشکیل دے رہا ہے۔

اسماعیل بقائی کے مطابق یہ دعویٰ من گھڑت ہے کہ 1979 کا ایرانی انقلاب امریکا کے ساتھ جنگ کے آغاز کا سبب بنا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی انقلاب دراصل ملک کی خودمختاری، آزادی اور انسانی وقار کی بحالی کی تحریک تھی۔

ایرانی ترجمان نے کہا کہ ایرانی عوام 1953 میں سی آئی اے کی حمایت سے ہونے والی بغاوت کی تلخ یادیں آج بھی نہیں بھولے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اس حقیقت کو بھی نہیں مٹا سکتا کہ مذاکرات کے دوران ایران کے خلاف دو مرتبہ بلااشتعال فوجی جارحیت کی گئی، ایرانی سپریم لیڈر اور اعلیٰ حکام کو قتل کیا گیا، خواتین اور بچوں کو شہید و زخمی کیا گیا جبکہ اہم بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ امریکی انتظامیہ فوجی اور سیاسی دونوں محاذوں پر بند گلی میں پہنچ چکی ہے اور جنگ شروع کرنے کی ذمہ داری سے خود کو بری کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ اپنی کامیابی کا بیانیہ پیش کرکے اپنی ناکامیوں کو چھپانا چاہتی ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی سیاسی نظام کی اعلیٰ سطح پر یہ تسلیم کیا گیا کہ ایران کے خلاف جنگ انتخابی شکست کی بنیادی وجہ بنی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا ایرانی قوم کے خلاف تاریخی دشمنی کو ہوا دینے اور ایران کے خلاف فوجی جارحیت شروع کرنے کا ذمہ دار ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US