پیرس: یورپ کے نئے دفاعی نظام میں روس کو شامل کرنے کی امریکی تجویز، یورپی ممالک میں تشویش

image

ٹرمپ انتظامیہ نے یوکرین جنگ کے بعد یورپ کے لیے مجوزہ نئے دفاعی اور سلامتی نظام میں روس کو بھی شامل کرنے کی تجویز دے دی، جس پر کئی یورپی ممالک نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

فرانسیسی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ابوظبی میں امریکا، روس اور یوکرین کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں یورپ کے مستقبل کے سکیورٹی ڈھانچے پر بھی بات چیت ہوئی۔ روسی مذاکراتی وفد کے سربراہ نے امریکی تجویز کو ماسکو کے لیے مثبت پیشرفت قرار دیا، جبکہ روسی وزارت خارجہ نے بھی یورپی ممالک کو نئے دفاعی معاہدوں کی پیشکش کی۔

رپورٹ کے مطابق ابوظبی مذاکرات میں یورپ کے نئے دفاعی نظام پر کوئی حتمی اتفاق نہیں ہوسکا۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کالاس نے امریکی تجویز پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یورپ کا اپنا سلامتی نظام پہلے سے موجود ہے، اصل مسئلہ روس کی جانب سے بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔ جرمن وزیر خارجہ نے بھی ماسکو پر زور دیا کہ وہ سابقہ معاہدوں اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پاسداری کرے۔

دوسری جانب 13 نومبر کو ڈبلن میں تقریباً 40 یورپی ممالک کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ یورپ کے مستقبل اور سلامتی سے متعلق فیصلوں میں یورپی ممالک کی شرکت ناگزیر ہے اور ان کی مشاورت کے بغیر کوئی فیصلہ قابل قبول نہیں ہوگا۔

یورپی ممالک کا مؤقف ہے کہ وہ روس کے ساتھ مذاکرات کے مخالف نہیں، تاہم کسی بھی نئے دفاعی معاہدے میں یورپ کی سلامتی، یوکرین کی خودمختاری اور نیٹو کے دفاعی نظام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا۔

ادھر یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ روس وسیع تر سلامتی مذاکرات کی آڑ میں یوکرین کے مستقبل سے متعلق بنیادی معاملات کو پس پشت ڈالنے کی کوشش کرسکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US