امریکا میں فضائی آپریشن کی بڑے پیمانے پر معطلی اور ہزاروں پروازیں متاثر ہونے کے بعد وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی کو عہدے سے ہٹانے کے مطالبات زور پکڑ گئے ہیں۔
گزشتہ روز فضائی ٹریفک نظام میں تکنیکی خرابی کے باعث امریکا بھر میں تقریباً 13 ہزار پروازیں متاثر ہوئیں، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں گراؤنڈ اسٹاپ کی صورتحال پیدا ہوگئی اور لاکھوں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
گراؤنڈ اسٹاپ ختم کیے جانے کے باوجود ہزاروں مسافر تاحال امریکی ہوائی اڈوں پر پھنسے ہوئے ہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم کو مکمل طور پر معمول پر آنے میں مزید وقت درکار ہوگا۔
بحران کے باعث وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی کو سیاسی دباؤ اور شدید تنقید کا سامنا ہے۔ گورنر نیویارک نے مطالبہ کیا ہے کہ شان ڈفی خود مستعفی ہوجائیں، بصورت دیگر صدر ڈونلڈ ٹرمپ انہیں عہدے سے برطرف کردیں۔
دوسری جانب شان ڈفی نے اعتراف کیا ہے کہ پرانے ایئر ٹریفک کنٹرول نظام اور فرسودہ ٹیکنالوجی کے باعث پروازوں کی غیر معمولی معطلی کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے مطابق مسئلہ اس وقت پیدا ہوا جب ایک کنٹریکٹر فائبر آپٹک کیبل میں موجود کاپر وائر کو اپ گریڈ کرنے کا کام کر رہا تھا۔