عراق میں تیل کی غیر قانونی اسمگلنگ کے معاملے پر تحقیقات مکمل ہونے کے بعد وزیراعظم علی الزیدی نے سیکیورٹی اور تیل کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے 9 سرکاری افسران کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق تیل کی اسمگلنگ سے متعلق تحقیقات جرف الصخر کے علاقے میں کی گئیں، جسے ایران کی حمایت یافتہ مسلح تنظیم کتائب حزب اللہ کا مضبوط گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔
عراقی وزیراعظم کے فوجی ترجمان صباح النعمان نے بتایا کہ تحقیقات کے نتائج کی روشنی میں وزیراعظم نے اسمگلنگ میں ملوث تمام مشتبہ افراد کو عدلیہ کے حوالے کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ سیکیورٹی اور محکمہ تیل کے 9 اہلکاروں کو بھی ان کے عہدوں سے برطرف کردیا گیا ہے۔
حکومتی ترجمان نے تاہم برطرف افسران کے نام اور ان پر عائد الزامات کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں، جبکہ مبینہ طور پر اسمگل کیے جانے والے تیل کی مقدار اور مالی مالیت بھی سامنے نہیں آسکی۔
واضح رہے کہ جرف الصخر عراق کا ایک اہم تزویراتی علاقہ ہے جہاں کتائب حزب اللہ کا اثر و رسوخ موجود ہے۔ تیل کی مبینہ غیر قانونی نقل و حرکت کے انکشاف نے سرکاری اداروں کی نگرانی اور سیکیورٹی انتظامات پر سوالات کھڑے کردیے ہیں۔
عراقی حکام کے مطابق تحقیقات کے دوران جمع کیے گئے شواہد کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تاہم کتائب حزب اللہ کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔