مودی حکومت اور بھارتی فضائیہ میں اراضی تنازع پر اختلافات شدت اختیار کرگئے

image

بھارت میں مودی حکومت اور انڈین ایئر فورس کے درمیان کشیدگی کھل کر سامنے آگئی، نئی دہلی میں فضائیہ کی اراضی کے تنازع نے دونوں اداروں کے درمیان اختلافات کو مزید نمایاں کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق بھارتی ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ کے بیانات کے بعد حکومت اور فضائیہ کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہوا، جبکہ ان کی ریٹائرمنٹ سے صرف 4 روز قبل ریس کورس ایئر فورس اسٹیشن کی اراضی کے معاملے پر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو خط بھی لکھا گیا تھا۔

خط میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ریس کورس ایئر فورس اسٹیشن کی 40 ایکڑ اراضی بھارتی فضائیہ کے کنٹرول میں برقرار رکھی جائے۔ تاہم وزارت ہاؤسنگ و اربن افیئرز نے مذکورہ ایئر فورس اسٹیشن میں قائم فضائیہ کا اسپورٹس کمپلیکس سیل کردیا تھا۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق اس اقدام کے باعث 31 اکتوبر کو طے شدہ ایئر چیف کی الوداعی گالف تقریب بھی منسوخ کرنا پڑی۔ اراضی کے تنازع سے تقریباً 5 ہزار اہلکاروں کی تربیتی اور سکیورٹی سہولیات متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ 300 سے زائد ملازمتیں بھی خطرے میں پڑ گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس تنازع نے بھارتی حکومت اور فضائیہ کے درمیان ادارہ جاتی اختلافات کو مزید گہرا کردیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US