’انھوں نے مجھے بتایا کہ میرا بچہ مر گیا ہے۔۔۔ پھر 42 برس بعد اسی بچے مجھے نے ایک ای میل بھیجی‘

ڈیان کو معلوم ہوا کہ وہ ان ہزاروں خواتین میں شامل تھیں جو 1950 اور 1970 کی دہائیوں کے درمیان آسٹریلیا میں جبری گود لینے کے عمل کا نشانہ بنیں۔ ملک میں کیتھولک چرچ اور دیگر اداروں نے غیر شادی شدہ ماؤں کو اپنے بچوں کو دوسروں کو گود دینے پر مجبور کرنے کے لیے آپس میں تعاون کیا۔
Diane posa sobre un caballo. Se la ve joven, con el pelo rubio separado en dos moños a los costados.
Cortesía de Diane Sheehan

وہ دسمبر 2018 کی ایک گرم رات تھی۔

نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والی 63 سالہ جانوروں کی ڈاکٹر ڈیان شیہان آسٹریلیا کے شہر برسبین میں دوستوں کے ساتھ رات کا کھانا کھانے کے بعد اپنے گھر پہنچ رہی تھیں۔

وہ صوفے پر بیٹھنے ہی والی تھیں کہ انھیں ایک ایسا نوٹیفیکیشن موصول ہوا جس نے ان کی زندگی بدل کر رکھ دی۔

ڈیان شیہان نے بی بی سی کے پروگرام آؤٹ لک کو بتایا ’میں نے اپنا فون اٹھایا تو ایک نوجوان کی ای میل آئی تھی جس میں اس نے اپنی تاریخِ پیدائش اور اس ہسپتال کا نام لکھا تھا جہاں وہ پیدا ہوا تھا۔ اس نے لکھا تھا کہ اس نے کچھ تحقیق کی ہے اور اسے یقین ہے کہ میں اس کی ماں ہوں۔‘

وہ اس لمحے کو یاد کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’میرا ذہن بالکل ماؤف ہو گیا تھا۔ میں کچھ سوچ نہیں پا رہی تھی، سانس نہیں لے پا رہی تھی۔۔۔ مجھے ایسا محسوس ہوا جیسے میری روح میرے جسم سے باہر آ گئی ہو۔‘

ڈیان نے 1976 میں ایک بچے کو جنم دیا تھا، بالکل اسی تاریخ کو اور اسی ہسپتال میں جس کا ذکر ای میل بھیجنے والے نوجوان نے کیا تھا۔

لیکن ان کا بیٹا تو وفات پا چکا تھا۔ یا کم از کم انھیں سڈنی کے اس ہسپتال میں یہی بتایا گیا تھا۔

اگر واقعی ان کے بیٹے کی وفات ہو چکی تھی تو پھر یہ شخص کون تھا جس نے ان سے رابطہ کیا؟

ایک غیر متوقع حمل

ڈیان 1950 کی دہائی میں نیوزی لینڈ کے شہر ویلنگٹن میں ایک مذہبی کیتھولک خاندان میں پیدا ہوئیں۔

انھوں نے ایک ایسے سکول میں تعلیم حاصل کی جہاں راہبات تعلیم دیتی تھیں اور ماحول خاصا قدامت پسند تھا۔

ڈیان اپنے سکول کے وقت کو یاد کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ اس زمانے میں باقاعدہ جنسی تعلیم نام کی کوئی چیز نہیں ہوتی تھی۔ ’ہمیں ڈرایا جاتا تھا کہ لڑکوں کے ساتھ بس میں مت بیٹھا کریں۔۔۔ کہا جاتا تھا کہ اگر ہم ایک ہی سیٹ پر بیٹھے تو حاملہ ہو جائیں گے۔‘

وہ کہتی ہیں کہ ایسی تربیت کے بعد جب ان کا رک نامی ایک نوجوان سے زندگی میں پہلی مرتبہ جنسی تعلق بناتو ان کے دماغ مانع حمل کے طریقوں کے استعمال کے بارے میں کبھی خیال ہی نہیں آیا۔

وہ کہتی ہیں کہ ’رک درحقیقت میری پہلی محبت تھا۔ وہ بہت خیال رکھنے والا اور نرم دل تھا۔ ہم دونوں کو ہی گھوڑوں میں دلچسپی تھی۔ وہ ایک بہترین گھڑ سوار تھا۔‘

ڈیان کی ملاقات رک سے اس وقت ہوئی جب انھوں نے اپنے والدین کا گھر چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ ابتدا میں انھوں نے آسٹریلیا میں قسمت آزمانے کی کوشش کی، لیکن بعد میں انھیں کینیڈا میں رہائش اور کھانے کے بدلے آیا کے طور پر کام کرنے کا موقع مل گیا۔ رک وہیں ایک قریبی فارم پر کام کرتا تھا۔

ان دونوں کی پہلی رومانوی ملاقات میکڈونلڈز میں ہوئی۔

ڈیان بتاتی ہیں کہ ’ہم نے برگر اور فرنچ فرائز کھائے۔ میں اس سے پہلے کبھی ایسی جگہ نہیں گئی تھی۔ وہ پراعتماد تھا اور دنیا کا تجربہ رکھتا تھا۔ میں بس اس لمحے میں بہتی چلی گئی۔‘

کچھ ہی عرصے بعد رک کیلیفورنیا منتقل ہو گیا۔ ڈیان اس سے ملنے گئیں، لیکن ان سے کینیڈا واپسی کی اپنی پرواز چھوٹ گَئی، جس کے بعد انھیں فوری طور پر ملازمت سے نکال دیا گیا۔

اس کا مطلب یہ تھا کہ اب انھیں وہاں رہنے کا حق حاصل نہیں رہا تھا، لہٰذا مجبوراً انھیں آسٹریلیا واپس آنا پڑا۔

لیکن اس وقت تک وہ حاملہ ہو چکی تھیں، لیکن انھیں اس بات کا علم نہیں تھا۔

Diane Sheehan con Rick, el padre de su primer hijo.
Cortesía de Diane Sheehan
ڈیان اور رک کی ملاقات کینیڈا میں ہوئی تھی اور وہیں دونوں ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو گئے تھے۔

’میں اس حقیقت کو تسلیم نہیں کر پا رہی تھی‘

یہ وہ دور تھا جب سوشل میڈیا اور موبائل فونز نہیں ہوا کرتے تھے۔ ڈیان اور رک کا ایک دوسرے سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

بعد میں ڈیان کو سڈنی میں ایک گھوڑوں کے فارم پر ملازمت مل گئی، جس کے مالک ایک ڈاکٹر اور ان کی اہلیہ تھیں۔

ڈیان کے مطابق ان کے والدین کی طرح فارم کے مالکان بھی قدامت پسند خیالات والے کیتھولک تھے۔

جب کئی ماہ گزر گئے تو ڈیان کو احساس ہوا کہ وہ حاملہ ہیں۔ تاہم انھیں اس سچ کو ماننے مزید وقت لگا۔

وہ کہتی ہیں کہ ’میں اس حقیقت کو تسلیم نہیں کر پا رہی تھی۔ میں اس بات کو زبان پر بھی نہیں لا سکتی تھی۔‘

’شاید میں انکار کی کیفیت میں تھی۔ میرا خیال ہے کہ مجھے اسے قبول کرنے میں تقریباً چھ ماہ لگ گئے۔ میں بہت ڈری ہوئی تھی۔۔۔ کیونکہ مجھے معلوم نہیں تھا کہ آگے کیا ہونے والا ہے اور شاید جیسے میری پرورش ہوئی تھی، اس وجہ سے میں اس کے ساتھ جڑی شرمندگی اور احساسِ جرم سے بخوبی واقف تھی۔‘

ڈیان کہتی ہیں کہ اس زمانے میں حالات آج سے بہت مختلف تھے۔

ان کے مطابق وہ انتہائی جابرانہ اور تعصبات سے بھرا ہوا دور تھا۔ ’ایک غیر شادی شدہ ماں کے طور پر معاشرہ آپ کو بُری نظروں سے دیکھتا اور عملاً آپ کو سماجی طور پر الگ تھلگ کر دیا جاتا تھا۔‘

انھی خدشات کے باعث ڈیان نے کئی ماہ تک اپنے حمل کے متعلق کسی کو پتا لگنے نہیں دیا۔

فارم پر ان کی ڈھیلی ڈھالی وردی اور چھوٹا قد و قامت ان کے لیے ابھرتے ہوئے پیٹ کو چھپانا آسان بنا دیتے تھے۔

جب دردِ زہ شروع ہوا تو انھوں نے اسے بھی اکیلے برداشت کرنے کی کوشش کی۔

وہ بتاتی ہیں کہ وہ بالآخر اپنے مالک کے گھر کی طرف گئیں جہاں فارم کے مالک کی اہلیہ موجود تھیں۔ ’میرا خیال ہے کہ اس وقت تک مجھے قے بھی آ رہی تھی۔ وہ مجھے اس میڈیکل کلینک لے گئیں جو میرے مالک چلاتے تھے، وہاں میرا معائنہ کیا گیا۔‘

’اور پھر مجھے یاد ہے۔۔۔ حالانکہ میں اسے یاد نہیں کرنا چاہتی، لیکن آج بھی ان کے چہرے پر آنے والے حیرت کے تاثرات میری آنکھوں کے سامنے آ جاتے ہیں جب انھوں نے بچے کی دھڑکن سننے والا آلہ استعمال لیا اور اس کی دھڑکن سنی۔ اس کے بعد ہم ہسپتال روانہ ہو گئے۔‘

’ہسپتال کا تجربہ کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا‘

ڈیان کے مطابق ہسپتال میں ان کا تجربہ ایک ڈراؤنے خواب سے کم نہیں تھا۔

وہ کہتی ہیں کہ اس سب سے اکیلے گزرنا کسی صدمے جیسا تھا۔ ’صدمہ بھی شاید اس کی شدت بیان کرنے کے لیے کافی لفظ نہیں۔ مجھے یاد ہے کہ کوئی بآے مجھ سے بات نہیں کرتا تھا۔ وہ مجھے خون میں لت پت اور شدید سردی میں ایک میز پر برہنہ چھوڑ کر بچے کو، میرے بچے کو، لے گئے۔‘

جب ان کے بچے کو ان کے پاس سے لے جایا گیا تو انھیں اسے گود میں لینے یا اس کا چہرہ دیکھنے تک کا موقع نہیں دیا گیا۔

انھیں یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ آیا بچہ لڑکا تھا یا لڑکی۔ ماں اور بچے کے درمیان کسی بھی قسم کے رابطے کی اجازت نہیں دی گئی۔

بعد میں انھیں بتایا گیا کہ ان کا بچہ وفات پا گیا ہے۔

تاہم یہ سچ نہیں تھا۔

لیکن ڈیان کو اس حقیقت کا 42 برس بعد اس ای میل کے ذریعے پتا چلا جو انھوں نے اپنے صوفے پر بیٹھے پڑھی تھی۔ ان کا بیٹا، جس نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، زندہ تھا اور اسے ایک دوسرے خاندان نے گود لے لیا تھا۔

بعد میں ڈیان کو معلوم ہوا کہ وہ ان ہزاروں خواتین میں شامل تھیں جو 1950 اور 1970 کی دہائیوں کے درمیان آسٹریلیا میں جبری گود لینے کے عمل کا نشانہ بنیں۔

ملک میں کیتھولک چرچ اور دیگر اداروں نے غیر شادی شدہ ماؤں کو اپنے بچوں کو دوسروں کو گود دینے پر مجبور کرنے کے لیے آپس میں تعاون کیا۔ ان طریقوں میں نفسیاتی دباؤ، ماؤں اور بچوں کو زبردستی جدا کرنا اور بعض صورتوں میں گود لینے کے عمل میں بے ضابطگیاں شامل تھیں۔

2013 میں آسٹریلوی حکومت نے باضابطہ طور پر اعتراف کیا کہ اس پالیسی کے باعث ہزاروں خاندان متاثر ہوئے اور متاثرین سے معافی مانگی۔

اس موقع پر اُس وقت کی وزیرِ اعظم جولیا گلارڈ نے کہا تھا ’ہم ان ماؤں سے معافی چاہتے ہیں جنھیں ایک ایسے نظام نے دھوکا دیا جس نے آپ کو کوئی اختیار نہیں دیا اور آپ کو فریب، بدسلوکی اور غلط طرزِ عمل کا نشانہ بنایا گیا۔‘

پانچ برس بعد ڈیان کو معلوم ہوا کہ وہ بھی ان ہی خواتین میں شامل تھیں۔

اس انکشاف نے ایک ایسا زخم پھر سے ہرا کر دیا جسے وہ برسوں سے دفنانے کی کوشش کر رہی تھیں۔ انھوں نے سڈنی کے اس ہسپتال میں پیش آنے والے واقعے کے بارے میں کبھی کسی کو نہیں بتایا تھا۔

وہ کہتی ہیں کہ ’میرے لیے یہ ناممکن تھا کہ میں اپنے والدین یا خاندان کو بتاتی کہ میرے ساتھ کیا ہوا۔ پھر میں نے رک کو خط لکھنے کا سوچا۔ لیکن میں اسے کیا بتاتی؟ کہ ’میرے جانے کے وقت میں حاملہ تھی، میں نے تمھارے بچے کو جنم دیا، لیکن وہ مر گیا‘؟‘

’میرا خیال ہے کہ میں نے پریکٹیکل انداز میں سوچنے کی کوشش کی۔ اس سے حاصل ہی کیا ہونا تھا؟ اور غالباً اُس وقت تک میں جذباتی طور پر خاصی ٹوٹ چکی تھی۔‘

انھوں نے یہ بات اُس شخص کو بھی نہیں بتائی جس سے بعد میں ان کی شادی ہوئی، نہ ہی ان دو بچوں کو جو بعد میں اس شادی سے پیدا ہوئے۔

انھوں نے اپنی پڑھائی اور جانوروں کے علاج کے کام میں خود کو مشغول کر کے ساری باتیں بھولنے کی کوشش کی۔

’اس خاموشی نے مجھ پر اتنا گہرا اثر ڈالا کہ اگر میرے پاس ایک نوکری ہوتی تو میں دو یا تین مزید کام بھی ڈھونڈ لیتی، تاکہ رات کو جب میں بستر پر لیٹنے جاؤں تو میں بالکل تھکی ہوئی ہوں۔ میں سوچنا نہیں چاہتی تھی۔ میں خود کو حتیٰ الامکان مصروف رکھنا چاہتی تھی۔‘

Diane cuando se graduó de su MBA.
Cortesía de Diane Sheehan
ڈیان اپنی ایم بی اے کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد۔

انکشاف

ڈیان نے 2018 میں اپنے بیٹے کی بھیجی ہوئی اس ای میل کو ایک یا دو نہیں بلکہ متعدد بار پڑھا۔

اس میں اس کے بیٹے نے لکھا تھا کہ وہ ان سے کچھ نہیں چاہتا۔ وہ صرف انھیں جاننا چاہتا تھا اور دیکھنا چاہتا کہ آیا ایسا کوئی امکان ہے کہ ان کے درمیان کوئی رشتہ قائم ہو سکے۔

اس نے یہ بھی بتایا کہ وہ ایک خوشگوار زندگی جی رہے ہیں اور ان کے والدین جنھوں نے انھیں گود لیا تھا ان کی زندگی کی ہر ضرورت پوری کی۔

ڈیان کہتی ہیں کہ ’اور پھر اس نے لکھا: 'ویسے، آپ کو یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ آپ دادی بن چکی ہیں۔‘

اس نے اپنی بیٹی کی ایک تصویر بھی ای میل میں بھیجی تھی۔

ڈیان یاد کرتے ہوئے کہتی ہیں: ’اس نے ای میل میں لکھا تھا کہ 'اب ہمیں معلوم ہو گیا ہے کہ اس کے گھنگریالے بال کہاں سے آئے ہیں۔‘

ڈیان کے مطابق، جیسے ہی انھوں نے وہ تصویر دیکھی، انھیں یقین ہو گیا کہ دوسری جانب موجود شخص واقعی ان کا ہی بیٹا ہے۔

’میں نے جب اپنی نواسی کی وہ تصویر دیکھی۔ اور میرے بائیں شیلف پر کتابیں اور تصاویر رکھی ہوئی تھیں۔ ان میں میری اپنی ایک تصویر بھی تھی جو اس وقت لی گئی تھی جب میری عمر غالباً ڈھائی یا تین سال تھی۔‘

ڈیان کے مطابق ان کی بچپن کی تصویر اور ان کی نواسی کی تصویر میں بہت مماثلت تھی۔

’وہ بالکل میری ہم شکل لگ رہی تھی۔ یوں محسوس ہو رہا تھا جیسے ہم جڑواں ہوں۔ میرا سر چکرانے لگا تھا۔‘

Diane Sheehan cuando bebé.
Cortesía de Diane Sheehan
ڈیان کی بچپن کی تصویر۔

اس کے بعد حقیقت جاننے کی ایک جستجو کا آغاز ہوا۔

ڈیان نے 1976 میں سڈنی کے اس ہسپتال میں کیا ہوا تھا، اس کا سراغ لگانے کے لیے گھنٹوں تحقیق کی۔

اسی تلاش کے دوران انھیں برسبین میں ایک ایسی تنظیم کے بارے میں معلوم ہوا جو گود لینے کے معاملات میں مشاورت اور معاونت فراہم کرتی تھی۔

ڈیان نے وہاں رابطہ کیا تو دوسری طرف سے انھیں جواب ملا کہ ’آپ اکیلی نہیں۔‘

ڈیان کہتی ہیں کہ اسی دن ان کے ذاتی سفر کا آغاز ہوا، ایک ایسا سفر جسے وہ ’انتہائی تکلیف دہ‘ قرار دیتی ہیں۔

لیکن ان کے بقول یہی وہ راستہ بھی تھا جس کے ذریعے ان کی اپنے بیٹے اور اس کے خاندان سے دوبارہ ملاقات ہوئی۔

Diane Sheehan y su hermana.
Cortesía de Diane Sheeh
ڈیان (بائیں) اپنی بہن کے ساتھ۔

’میرا دل نہیں چاہ رہا تھا کہ میں اپنے بیٹے کو خود سے الگ کروں‘

اپنے بیٹے کے متعلق خبر ملنے کے بعد ڈیان شدید ذہنی اضطراب کا شکار ہو گئیں۔ انھیں یاسا محسوس ہو رہا تھا کہ جیسے کوئی پرانا اور گہرا زخم دوبارہ ہرا ہو گیا ہو۔

انھیں یہ خوف بھی تھا کہ اتنے برسوں سے چھپایا گیا یہ راز کہیں ان اس زندگی کو تو تباہ نہیں کر دے گا جو انھوں نے بڑی محنت سے تعمیر کی تھی۔ انھیں نہیں معلوم تھا کہ ان کے دوسرے بچے ان کی زندگی کے اس حصے کے بارے میں جان کر کیا ردعمل دیں گے، ایک ایسا بوجھ جو وہ برسوں سے اپنے دل میں اٹھائے ہوئے تھیں۔

لیکن ان کے بچوں نے اس خبر کو مثبت انداز میں قبول کیا اور آنے والے وقتوں میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

آخرکار ڈیان نے اس ای میل کا جواب دینے اور پھر اپنے بڑے بیٹے سے ملنے کے لیے سفر کرنے کا فیصلہ کیا۔

وہ بتاتی ہیں کہ ’ابتدا میں میرا بیٹا اور اس کا خاندان مجھ سے ملنے آنے والے تھے، لیکن پھر یہ سب کچھ میرے لیے بہت زیادہ ہو گیا تھا۔ شاید میں حالات پر قابو پانے کی کوشش کر رہی تھی۔ آخر ہم نے طے کیا کہ میں خود وہاں جا کر ان سے ملوں گی۔‘

چنانچہ وہ سڈنی کے لیے روانہ ہوئیں۔ جب وہ جہاز سے اتریں تو انھوں نے پہلی بار اپنے بیٹے کو دیکھا۔

وہ کہتی ہیں ’وہ وہاں کھڑا تھا، ہاتھ میں سفید پھولوں کا ایک چھوٹا سا گلدستہ لیے۔‘

’اس نے مجھے زور سے گلے لگایا اور میرا دل نہیں چاہ رہا تھا کہ میں اسے خود سے الگ کروں۔‘

اس کے بعد وہ اس کے گھر گئیں، جہاں ان کی ملاقات اپنی بہو اور پوتے پوتیوں سے ہوئی۔

Diana en su consulta veterinaria.
Cortesía de Diane Sheehan
ڈیان کی آسٹریلیا میں ان کے ویٹرنری کلینک میں لی گئی ایک تصویر۔

اس وقت تک ڈیان کو یہ بھی معلوم ہو چکا تھا کہ جن لوگوں نے ان کے بیٹے کو گود لیا تھا انھیں بھی گمراہ کیا گیا تھا۔

ڈیان کہتی ہیں کہ ’انھیں بتایا گیا تھا کہ بچے کی ماں اس کی پرورش نہیں کر سکتی، وہ چاہتی ہے کہ اسے ایک مذہبی خاندان گود لے، اس کا ایک مخصوص نام رکھا جائے اور ایک مقررہ پتے پر اس کی تصاویر بھیجی جائیں۔‘

بعد میں ڈیان کو معلوم ہوا کہ ان کے بیٹے کی منہ بولی ماں برسوں تک انھیں خطوط بھیجتی رہی تھیں۔

’میں پہلی بار ان سے اس وقت ملی جب میں اپنے نواسے کے سکول کے ایک کنسرٹ میں شرکت کے لیے سڈنی گئی۔ ہم تقریب سے پہلے کچھ کھانے کے لیے بیٹھے ہوئے تھے کہ اچانک وہ (میرے بیٹے کی منہ بولی ماں) میری طرف جھکیں، انھوں نے میرا ہاتھ اپنے ہاتھ پر رکھا اور کہا: 'شکریہ۔‘

’میں نے حیرت سے ان کی طرف دیکھا اور سوچا، ’اوہ، کیا آپ کو نمک چاہیے یا کچھ اور؟‘

’انھوں نے نظریں اٹھائیں۔ میرا بیٹا، اس کی اہلیہ اور میرے ننھے ننھے نواسے نواسیاں میز کے دوسری جانب بیٹھے تھے۔ پھر انھوں نے کہا: ’ہمیں یہ سب دینے کے لیے شکریہ۔‘ اور انھوں نے ہاتھ بڑھا کر ان سب کی طرف اشارہ کیا۔‘

ڈیان کہتی ہیں کہ اس لمحے نے انھیں اندر تک ہلا کر رکھ دیا۔

’یا خدا، مجھے خود کو سنبھالنے کے لیے اپنی تمام تر قوت جمع کرنا پڑی۔‘

Diane Sheehan, posa con un caballo.
Cortesía de Diane Sheehan

وہ کہتی ہیں کہ یہ اس کہانی کا وہ رخ ہے جس کے ساتھ آپ کو جینا پڑتا ہے۔ ’میرے بیٹے کی پیدائش ایک محبت بھرے تعلق کے نتیجے میں ہوئی۔ اسے گود لے لیا گیا، حالانکہ مجھے اس سارے عمل میں شدید تکلیف سے گزرنا پڑا، اور اب تو میں جانتی بھی ہوں کہ حقیقت میں کیا ہوا تھا۔۔۔‘

’لیکن انھوں نے میرے بیٹے کی پرورش کی، اسے محبت دی، اس کا خیال رکھا اور اس کے لیے ہر ممکن کام کیا۔ وہ نہایت شاندار لوگ تھے، غیر معمولی طور پر مہربان۔‘

آج بھی ڈیان اپنے بیٹے اور اس کے پورے خاندان کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط بنا رہی ہیں۔

وہ کہتی ہیں کہ ’جو کچھ ہو چکا، میں اسے بدل نہیں سکتی۔ اس میں شامل لوگ، اُس دور کے اصول اور معاشرتی رویے، سب ماضی کا حصہ ہیں۔‘

’لیکن اب میں اپنی توانائی اس رشتے کی تعمیر پر صرف کرنا چاہتی ہوں جو میں اپنے اُس بیٹے کے ساتھ قائم کر رہی ہوں جسے میں 40 برس تک کھوئے بیٹھی رہی۔‘

وہ کہتی ہیں کہ ’یقیناً مجھے غصہ بھی محسوس آیا۔ اور میں نے ایسے لوگوں کو بھی دیکھا ہے جو انہی جذبات میں گھل کر رہ گئے۔ لیکن اپنے خاندان کو ایک ساتھ دیکھنے کی خوشی اتنی طاقتور ہے کہ اس کے سامنے سب کچھ ماند پڑ جاتا ہے۔‘

’اب میں اسی خوشی کو پروان چڑھانا اور اسی سے لطف اندوز ہونا چاہتی ہوں۔‘

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US